متنازع فلم ’جوائے لینڈ‘ کی ریلیز کیخلاف درخواست مسترد

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے فلم “جواۓ لینڈ” کی ریلیز کیخلاف درخواست ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بیچن کے روبرو فلم “جواۓ لینڈ” کی ریلیز کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔درخواستگزار نے موقف دیا کہ فلم کی ریلیز آئین کے آرٹیکل 227 کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان میں اسلام کی روح اور تعلیمات کیخلاف کوئی کام نہیں کیا جاسکتا۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ نے فلم دیکھی ہے؟ جس پردرخواستگزار نے موقف دیا کہ فلم کا مواد اس قابل نہیں کہ اسے کھلی عدالت میں ڈسکس کیا جائے۔ کسی ٹرانسجینڈر کو اس طرح مرد سے محبت اور شادی کی اجازت اسلام نہیں دیتا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے فلم دیکھی نہیں اور پابندی کیلئے آگئے ہیں۔ عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے جوائے لینڈ پر پابندی کی درخواست پر اعتراض ختم کرتے ہوئے کیس کو سماعت کے لیے باقاعدہ طور پر مقرر کر دیا ہے۔یاد رہے کہ درخواست میں وزیر اطلاعات و نشریات، پیمرا ، سنٹرل فلم سنسر بورڈ، صوبائی وزیر اطلاعات، سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.