ماضی کوبھولنے والے مثال نہیں بن سکتے،کاشف محمود

لاہور: معروف اداکارکاشف محمود نے کہا ہے کہ جولوگ کامیابی ملنے کے بعد اپنے ماضی کو بھلا دیتے ہیں وہ کبھی دوسروں کے لیے مثال نہیں بن سکتے۔ شارٹ کٹ اورجھوٹ کے سہارے کامیابی پانے والے کچھ عرصہ بعد اندھیروں میں کھوجاتے ہیں جب کہ محنت، لگن اورسچائی سے کام کرنیوالوں کو لوگ کبھی نہیں بھلا پاتے۔ ان خیالات کااظہار کاشف محمودنے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ مجھے شہرت ورثے میں نہیں ملی، بلکہ اس کو پانے کے لیے میں نے شب وروزبہت محنت کی۔ بہت سے مسائل اوررکاوٹوں کے باوجود میں نے اپنی منزل کو پانے کے لیے کوشش جاری رکھی۔ میراایمان ہے کہ جب کوئی شخص سچے دل سے محنت کرتا ہے تواللہ پاک اس کا انعام ضرور دیتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ آج میرے چاہنے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ آج میرے پاس، شہرت، دولت سب کچھ ہے مگرمیں اپنے ماضی کونہیں بھولااورنہ ہی میں اس کوبھلانا چاہتا ہوں۔ میں اپنے جونیئرفنکاروں کوبھی یہی مشورہ دیتا ہوں کہ نیک نیتی کے ساتھ کام کیاجائے تواس کے نتائج ہمیشہ اچھے ہی آتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میں نے اپنے فنی سفر کے دوران بہت محنت کی اوریہ سلسلہ آج بھی جاری ہے

تبصرے بند ہیں.