مئی کے وسط تک ای فارم کا آن لائن سسٹم متعارف کرادیا جائے گا

کراچی:کسٹمز ڈائریکٹوریٹ آف ریفارمز کی کوششوں سے تمام بینک ای فارم کے آن لائن سسٹم پر رضامند ہوگئے ہیں مئی کے دوسرے ہفتے تک ملک بھر میں ای فارم کا آن لائن سسٹم متعارف کرا دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق بڑے پیمانے پر جعلی ای فارم کے ذریعے ایکسپورٹ کر کے زرمبادلہ ملک میں واپس نہ لانے کا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد کسٹمز ریفارمز ڈپارٹمنٹ نے اسٹیٹ بینک اور دیگر بینکوں کو تجویز دی کہ وہ ای فارم کے مینول اجراء کا سلسلہ ختم کر کے اسے آن لائن جاری کریں تاکہ ایکسپورٹ کے وقت کسٹمز ایکسپورٹ کلکٹریٹ کو ای فارم کی تصدیق کرنے میں آسانی رہے نیز جعل سازی کا بھی خاتمہ ہوسکے۔ ڈائریکٹر کسٹمز ریفارمز ماجد یوسفانی نے اس سلسلے میں ’’جنگ‘‘ کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ تمام بینک نمائندوں سے ان کی میٹنگ ہوچکی ہے۔ بینک ای فارم کو آن لائن کرنے پر تیار ہیں۔ اس سلسلے میں ایک میٹنگ اسٹیٹ بینک حکام سے بھی ہوچکی ہے، اب جلد ہی ایک دوسری میٹنگ میں اسٹیٹ بینک کے ساتھ معاملات طے پا جانے کے بعد اسٹیٹ بینک سے اس کا سرکلر جاری ہو جائے گا۔ ماجد یوسفانی نے کہا کہ امید ہے کہ مئی کے وسط تک ای فارم کا آن لائن سسٹم متعارف کرا دیا جائے گا جو کہ ملک بھر نافذ ہوگا۔ اس سسٹم کے بعد ای فارم کی جعل سازی کا سلسلہ تقریباً ختم ہو جائے گا۔واضح رہے کہ جعلی ای فام سے نہ صرف بڑے پیمانے پر گولڈ ایکسپورٹ کیا گیا بلکہ دیگر مصنوعات بھی بڑے پیمانے پر ایکسپورٹ کر کے زرمبادلہ واپس وطن نہیں لایا گیا۔

تبصرے بند ہیں.