لیگی رہنماوٴں میں پرکشش وزارتوں کیلئے بھاگ دوڑ شروع
لاہور: مسلم لیگ نون کی مرکز اور صوبے میں حکومت بنانے کی واضح پوزیشن کے بعد لیگی رہنماوٴں میں پرکشش وزارتوں کے لئے بھاگ دوڑ شروع ہو گئی۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماوٴں نے پرکشش وزارتوں اور عہدوں کے لئے بھرپور لابنگ شروع کر دی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق چودھری نثار علی خان وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر خارجہ اور وزیر پٹرولیم کے آپشن دے رہے ہیں جبکہ سینٹر سردار ذوالفقار کھوسہ گورنر پنجاب اور وفاقی وزیربلدیات کے عہدوں پر نظریں مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف وزیر خزانہ کے لئے سینٹر اسحاق ڈار کو آئیڈیل قرار دے رہے ہیں لیکن وہ بھی چودھری نثار کی طرح وزیر خارجہ بننے کی خواہش لئے لابنگ میں مصروف ہیں۔ ماضی میں چیئرمین پی ٹی وی کا تجربہ رکھنے والے سینٹر پرویز رشید وفاقی وزیر اطلاعات بننا چاہتے ہیں جبکہ سیالکوٹ کے خواجہ آصف وزیر داخلہ اور وزیر خارجہ بننے کو اہمیت دے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق احسن اقبال تعلیم اور سردار ایاز صادق ریلوے کے معاملات ٹھیک کرنے کا دعویٰ کر کے یہ وزارتیں لینا چاہتے ہیں۔ خواجہ سعد رفیق سرمایہ کاری کی پرکشش وزارت پر نظریں جمائے پارٹی اجلاسوں میں بیرونی سرمایہ کاری پر لیکچر دیتے نظر آتے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ کے لئے عبدالقادر بلوچ بھی بھرپور خواہش لئے ہوئے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.