لاہور ہنگامہ آرائی: عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کیخلاف مقدمات درج

صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہنگامہ آرائی کے الزام میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف 7 مقدمات درج کر لیے گئے۔پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف لاہور کے مختلف تھانوں میں 7 مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے جن میں تھانہ سرور روڈ میں درج مقدمے میں عمران خان سمیت تحریک انصاف کی قیادت پر قتل، اقدام قتل اور دہشتگردی سمیت 20 دفعات لگائی گئی ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق میاں محمود الرشید اور میاں اسلم اقبال کی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک ہوئے ہیں، عمران خان، شاہ محمود قریشی ، فرخ حبیب کی ایما پر میاں اسلم اقبال اور میاں محمود الرشید مسلح ہو کر مشتعل ہجوم کی قیادت کر رہے تھے، میاں محمود الرشید نے دستی اسلحے سے فائرنگ کی جس سے عبدالقدیر جبکہ میاں اسلم اقبال کی فائرنگ سے عبداللہ نامی نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب دینے میں حماد اظہر، مسرت جمشید چیمہ، جمشید اقبال چیمہ، زبیر نیازی، اسد زمان ، مراد سعید اور علی امین گنڈا پور شامل ہیں۔واضح رہے کہ د و روز میں مظاہرین سے جھڑپوں میں ڈی آئی جی اور ایس ایس پی آپریشنز سمیت 53 پولیس اہلکار زخمی ہو چکے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.