لاہور:صوبائی دارالحکومت کے علاقے باغبانپورہ میں سکول کی چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیو 1122 کے مطابق عمارت کی چھت اچانک بیٹھ گئی، حادثے کے بعد ملبے تلے متعدد افراد دب گئے۔ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملبے سے 10 بچوں کو بحفاظت نکال لیا، بدقسمتی سے ملبے تلے دب جانے کے باعث ایک بچہ ابوبکر جاں بحق ہوگیا۔سکول میں سمر کیمپ جاری تھا جب حادثہ ہوا، ریسکیو ٹیمیں موقع پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ علاقے میں صورتحال کو کنٹرول کر لیا گیا ہے اور مزید افراد کی تلاش جاری ہے۔عینی شاہدین کے مطابق دومنزلہ عمارت کی دوسری منزل کا لینٹر گرا، لینٹر کچا ہونے کی وجہ سے زور دار دھماکے سے نیچے گرا، جب چھت گری اس وقت بچے پڑھ رہے تھے۔ایم ایس سروسز ہسپتال کے مطابق زخمیوں کو سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا، ایک بچہ ہسپتال میں ڈیڈ لایا گیا، چار زخمیوں کو بھی ہسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں میں کوئی بچہ نہیں، زخمیوں کو سر پر گہری چوٹیں آئی ہیں تاہم تمام زخمی خطرے سے باہر ہیں۔ایک سات سالہ زخمی بچہ شایان نجی ہسپتال میں لایا گیا جسے طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ دو روز پہلے لاہور کے ہی علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق ہو گئے تھے، ان بچوں کی عمریں 4 سے 12 سال کے درمیان تھیں۔
تبصرے بند ہیں.