فکسنگ کیس: بھارتی میڈیا اسد رؤف کے پیچھے پڑگیا

ممبئی: بھارتی میڈیا پاکستانی امپائر اسد رؤف کے پیچھے پڑ گیا، اب انکی مبینہ ٹیلی فونک گفتگو کا ٹرانسکرپٹ جاری کیاگیا جس کے مطابق وہ بکیز سے وندو دارا سنگھ کے توسط سے قیمتی تحائف وصول کرتے رہے۔ مبینہ ٹرانسکرپٹ میں انھوں نے بھارتی اداکار کو اپنی سالگرہ کے حوالے سے یاد دہانی کرائی، بکی پاون جے پور نے انھیں 6 لاکھ روپے کی قیمتی گھڑی اور سونے کی چین تحفے میں بھیجی۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا نے کرائم برانچ پولیس ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے انٹرنیشنل امپائر اسد رؤف بکیز سے قیمتی تحائف وصول کرتے رہے ہیں، اس سلسلے میں ان کی فکسنگ میں ملوث اداکار وندودارا سنگھ سے موبائل فون پر ہونے والی گفتگو کا مبینہ ٹرانسکرپٹ جاری کیا گیا، اس کے مطابق اسد رؤف وندو سے کہتے ہیں کہ ’ کیا تمھیں معلوم ہے کہ میری سالگرہ آنے والی ہے‘۔ جس پر جواب ملتا ہے کہ ’ اسد بھائی فکر مت کریں ، ہم آپ کی خدمت کریں گے، میں آپ کا پیغام پاون بھائی کو پہنچا دوں گا‘۔ایک اور گفتگو میں بکی پون جے پور وندو سے کہتا ہے کہ ’میں نے 6 لاکھ روپے مالیت کی گھڑی اور ایک سونے کی چین پریم تنیجا( بکی) کے توسط سے بھیجی ہے، اسد سے کہنا کہ وہ دہلی میں یہ چیزیں وصول کرلے‘۔ یہ گفتگو اپریل میں ہوئی جسے وندو دارا سنگھ کے تین موبائل فون کے ریکارڈز سے حاصل کیا گیا۔ کرائم برانچ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی عرصے میں ایک اور موقع پر کی جانے والی گفتگو میں اسد رؤف کو یہ اصرار کرتے ہوئے سنا گیا کہ پاون سے کہو کہ سونے کی چین یا کسی اور چیز کے بل بھیجے تاکہ مجھے کسٹمز کی جانب سے کوئی مشکل نہ ہو۔ اس پیکج اور بعد میں اسد رؤف کو بھیجے گئے دو اور پارسلز کے بل کرائم برانچ نے حاصل کرلیے ہیں، گذشتہ ماہ پولیس نے دو پارسل اپنی تحویل میں لیے تھے، ان میں برانڈڈ جوتے، کپڑے اور دیگر اشیا شامل تھیں، یہ مبینہ طور پر بکی پریم تنیجا نے دہلی ایئرپورٹ کے کارگو سیشن سے اسد رؤف کو بھیجی تھیں مگر امپائر نے خطرہ بھانپتے ہوئے یہ پارسل وصول ہی نہیں کیے تھے۔

تبصرے بند ہیں.