اٹلی نے جاپان کا بوریا بستر گول کردیا

ریسائف / ریو ڈی جنیرو: اٹلی نے جاپان کا بوریا بستر گول کرتے ہوئے کنفیڈریشنز کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ فاتح ٹیم نے 2گول کے خسارے میں جانے کے باوجود شاندار کم بیک کیا اور4-3سے فتح کوگلے لگاکر ٹائٹل کی طرف سفر جاری رکھا، میکسیکو کیخلاف 2-0سے کامیابی حاصل کرنے والے برازیل کی ٹائٹل کی جانب پیش قدمی کا بھی راستہ ہموار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق کنفیڈریشنز کپ میں گروپ کے اہم میچ میں بقا کی جنگ لڑنے والی جاپانی ٹیم 2گول کی برتری حاصل کرنے کے باوجود اٹلی کو زیر نہ کر پائی، ناکام سائیڈ کی طرف سے کیسوکی ہونڈا نے21ویں منٹ میں گول داغا، شنجی کاگاوا نے 12منٹ بعد گیند کو جال کی راہ دکھاتے ہوئے اسکور 2-0کردیا،اطالوی ٹیم نے کسی گھبراہٹ کا شکار ہوئے بغیر جوابی حملے جاری رکھے، پہلا ہاف ختم ہونے سے تھوڑی دیر قبل ڈینیلا ڈی روسی نے حریف کے دفاع میں شگاف ڈالتے ہوئے خسارہ کم کیا، وقفے کے بعد آٹسوٹو یوشیداکے اون گول نے مقابلہ2-2سے برابر کردیا۔ بلند حوصلہ اطالوی ٹیم نے ماریو بالوٹیلی کی شاندار کک کی بدولت 52 ویں منٹ میں برتری حاصل کی تو جاپانی ٹیم خواب غفلت سے جاگی، مسلسل جارحانہ حملوں کے نتیجے میں شینجی اوکا زاکی نے 69ویں منٹ میں گول کے ذریعے اسکور 3-3کیا، اٹلی نے تازہ دم متبادل کھلاڑی سباستین گیوونسی کو میدان میں اتارا جنھوں نے میچ ختم ہونے سے 4منٹ قبل فیصلہ کن گول داغ کر اپنی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔ بعد ازاں جاپانی کوچ البرٹو زاچرونی نے کہا کہ پہلے میچ میں برازیل سے شکست کے بعد کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں سے بڑھ کر کھیل پیش کرنے کی ہدایت دی تھی، انھوں نے پورے جذبے سے کھیلتے ہوئے مضبوط حریف کو ناکوں چنے چبوا دیے لیکن ناتجربہ کاری آڑے آگئی، امید ہے ہماری صورت میں ایک بڑی رکاوٹ دور ہونے کے بعد اطالوی ٹیم ٹائٹل پانے میں بھی کامیاب ہوجائے گی۔ اٹلی کے کوچ سیزیئر پرینڈیلی نے کہا کہ ایک دن آرام کے بعد میدان میں اترنے والی تازہ دم جاپانی ٹیم نے سخت مقابلہ کیا، ابتدا میں خسارے میں جانے کے بعد ہمیں خاصی پریشانی ہوئی اور پلان تبدیل کرنا پڑا، متبادل کھلاڑی گیو ونسی کو بھجوانے کا فیصلہ درست ثابت نہ ہوتا تو میچ کے نتائج مختلف ہوسکتے تھے۔ دوسری طرف گروپ اے کے ہی ایک اور میچ میں برازیل نے میکسیکو کو 2-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا، ریو ڈی جنیرو میں ہونے والے مقابلے میں فاتح ٹیم کے اسٹرائیکر نیمار نے نویں منٹ میں گیند کو جال میں پھینک کر ٹیم کو برتری دلائی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی، برازیلین اسٹار کا یہ ایونٹ میں دوسرا گول تھا، پہلے ہاف میں یہی اسکور برقرار رہا،وقفے کے بعد میکسیکو نے مقابلہ برابر کرنے کی سر توڑ کوشش کی لیکن کامیابی نہ حاصل ہوسکی۔ ڈینی ایلویس کی بہترین کوشش میکسیکن گول کیپر نے ناکام بناکر شائقین سے بے پناہ داد وصول کی، کھیل کے آخری لمحات میں نیمار نے میکسیکو کے3دفاعی کھلاڑیوں کو ڈاج دیتے ہوئے جو سلوا کو پاس دیا، جنھوں نے گیندکو گول پوسٹ کی راہ دکھانے میں کوئی غلطی نہیں کی۔ جاپانی ٹیم کی شکست سے برازیل کی سیمی فائنل تک رسائی میں حائل دیوار بھی گر گئی،اپنے دونوں میچوں میں ناکام رہنے والی میکسیکن سائیڈ کو بھی گھر کی راہ دیکھنا ہوگی،ابھی تک ناقابل شکست اٹلی اور برازیل کا ہفتے کو سلواڈور میں شیڈول باہمی مقابلہ گروپ اے کی ٹاپ ٹیم کا فیصلہ کریگا، گروپ بی کی صورتحال کے پیش نظر رنرز اپ کو سیمی فائنل میں عالمی چیمپئن اسپین کے چیلنج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے

تبصرے بند ہیں.