Latest National, International, Sports & Business News

فٹنس مسائل سے نجات کے بعد شعیب کی فارم میں واپسی

پورٹ آف اسپین: پاکستانی آل رائونڈر شعیب ملک نے اچھی پرفارمنس کی راہ میں حائل ہونے والے فٹنس مسائل سے چھٹکارا حاصل کرلیا، اس کیلیے انھیں سرجری بھی کرانا پڑی۔ ان کا کہنا ہے کہ مزید6سال کرکٹ کھیل سکتا ہوں تاہم چھٹے نمبر پر بیٹنگ کیلیے تیار نہیں، ابتدائی پوزیشن پر کھلایا جائے۔ تفصیلات کے مطابق کیریبیئن لیگ میں مصروف شعیب ملک 223 رنز بنا کر ایونٹ کے دوسرے کامیاب ترین بیٹسمین ہیں، چیمپئنز ٹرافی کے بعد دورئہ ویسٹ انڈیز اور زمبابوے سے ڈراپ کیے جانے کے باوجود سابق کپتان انٹرنیشنل کیریئر جاری رکھنے کیلیے پُرعزم ہیں۔ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ انجریز اور خراب فارم نے میرے لیے مسائل پیدا کیے، کندھے اور کہنی کی انجری کی وجہ سے پریشانی تھی تاہم سرجری کے بعد جم میں بھی سخت محنت کرکے اس مسئلے پر قابو پالیا، بطور آل رائونڈر کھیلنے کی خواہش ہے، فٹنس بہترین ہونے کے بعد اب ایک دن میں30 اوورز بھی آسانی سے کر سکتا ہوں۔انھوں نے کہا کہ میں اب بھی پاکستان کیلیے5سے6 سال تک کھیلنے کا اہل ہوں، البتہ نمبر6 پر بیٹنگ کیلیے تیار نہیں، مجھے تیسری یا چوتھی پوزیشن پر بھیجا جائے تو ٹیم کیلیے اپنے کردار سے بہتر طور پر انصاف کرسکوں گا۔ کیریبیئن لیگ میں عمدہ پرفارمنس کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ بارباڈوس کے کپتان کیرن پولارڈ میری صلاحیتوں پر اعتماد اور بولنگ کیلیے بھی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، اسی لیے کارکردگی خاصی بہتر رہی، میں اپنی ٹیم کو فائنل کھیلتا دیکھنا چاہتا ہوں، اس کیلیے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار بھی کروں گا۔

تبصرے بند ہیں.