فرانس بد قسمت ،جرمنی ایک گول سے جیتا , چوتھی مرتبہ سیمی فائنل میں –

برازیل میں جاری عالمی کپ فٹ بال کے پہلے کوارٹر فائنل میں جرمنی نے فرانس کو ایک گول سے شکست دے دی ہے، اور وہ سیمی فائنل میں جگہ بنانے وا لی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

ریو ڈی جنیرو) جرمنی کے میٹس ہملز نے کروس کی فری کک پر خوبصورت ہیڈر سے گول کیا۔ جرمنی کی ٹیم چوتھی مرتبہ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ ریو ڈی جنیرو کے ماراکانا سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں آغاز سے ہی جرمن ٹیم کا پلا بھاری رہا اور اس نے گیند زیادہ عرصے اپنے قبضے میں رکھی۔ میچ کے ابتدائی دس منٹ میں جرمن کھلاڑیوں نے کئی اچھی مووز تو بنائیں لیکن وہ فرانسیسی گول کیپر کو پریشان نہ کر سکے۔ تاہم 13ویں منٹ میں جرمنی نے اس وقت برتری حاصل کر لی جب اس میچ کے لیے شامل کیے جانے والے میٹس ہملز نے کروس کی فری کک پر گیند خوبصورت ہیڈر سے فرانسیسی گول میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلوا دی۔ فرانسیسی ٹیم ایک گول کا خسارہ ختم کرنے میں ناکام رہی۔ تا ہم خسارے میں جانے کے بعد فرانسیسی ٹیم نے بہتر اور جارحانہ کھیل پیش کیا اور انھیں گول کرنے کے کئی اچھے مواقع ملے لیکن ان سے فائدہ نہ اٹھایا جا سکا۔ پہلے ہاف کے خاتمے پر جرمن ٹیم کی برتری برقرار رہی۔ دوسرے ہاف میں فرانس نے جارحانہ کھیل جاری رکھا لیکن جرمن کیپر مینوئل نوئر نے فرانسیسی فارورڈز کی ایک نہ چلنے دی اور گول نہ ہونے دیا۔ میچ کے آخری لمحات میں بھی فرانس کو گول کرنے کا موقع ملا لیکن کریم بینزیما کی شاٹ کیپر نے عمدگی سے روک لی۔ –

تبصرے بند ہیں.