فٹ بال ورلڈ کپ :جرمنی اور برازیل نے سیمی فائنل میں‌ جگہ بنا ل

فیفا کے عالمی فٹ بال کپ میں برازیل نے کولمبیا کو دو ایک سے ہرا کر بارہ برس بعد سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے، فری کک پر کیا گیا ڈیوڈ لوئز کا شاندارگول فیصلہ کن ثابت ہوا۔

فورٹا لیزا (دنیا نیوز) برازیل میں جاری عالمی فٹ بال کے دوسرے کوارٹر فائنل میں پہلا گول برازیل کے کپتان تھیاگو سلوا نے میچ کے ساتویں منٹ میں ہی کر ڈالا۔ یاد رہے کہ پہلے سیمی فائنل میں جرمنی نے تیرھویں منٹ میں گول کیا تھا ، اس طرح دونوں سیمی فائنلز میں فاتح ٹیموں نے کھیل کے ابتدائی لمحات ہی میں گول کر کے سبقت لی۔ برتری حاصل کرنے کے بعد بھی برازیل کا جارحانہ کھیل جاری رہا اور اس نے کولمبین گول پر متعدد اچھے حملے کیے۔ مگرکولمبیا کے گول کیپر اوسپینا کے عمدہ کھیل کی وجہ سے برازیل پہلے ہاف میں مزید کوئی گول نہ کر سکا۔ کولمبیا کو اس ہاف میں گول کرنے کے دو اچھے مواقع ملے مگر ان سے فائدہ نہ اٹھایا جا سکا۔ دوسرے ہاف میں 66 ویں منٹ میں کولمبیا نے گیند برازیلی گول میں پہنچا دی لیکن لائن مین پہلے ہی کولمبین کھلاڑی کو آف سائیڈ قرار دے چکے تھے اور یوں یہ گول مسترد کر دیا گیا۔ کولمبیا کے اس حملے کے جواب میں برازیلی موو پر مخالف کھلاڑی کو گرانے پر کولمبیا کے جیمز رادریگز کو پیلا کارڈ ملا اور اس فاول پر ملنے والی فری کک پر 68 ویں منٹ ڈیوڈ لوئیز نے تیس میٹر کے فاصلے سے گیند گول پوسٹ میں پہنچادی۔ فی الحقیقت یہی گول فیصلہ کن ثابت ہوا کیونکہ اس کے بعد میچ کے 77ویں منٹ میں برازیل کیپر ڑولیو سیزر نے کولمبین کھلاڑی کو برازیلی ڈی میں گرایا تو ریفری نے کولمبیا کو پنلٹی دی جس پر گول کر کے جیمز رادریگز نے خسارہ کم کیا۔ اس طرح اگر ڈیوڈ کا فری کک پر گول نہ ہوتا تو شائد میچ کا نتیجہ مختلف ہوتا۔ بہر حال رادریگز ورلڈ کپ کے لگاتار پانچ میچوں میں گول کرنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔ ان سے قبل 2002 کے ورلڈ کپ میں برازیل کے ریوالڈو نے یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔ سیمی فائنل میں برازیل کا مقابلہ 8 جولائی کو جرمنی سے ہوگا جس نے پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس کو 0-1 سے ہرا یا تھا۔ یلو کارڈکے باعث برازیلین کپتان تھیاگو سلوا جرمنی کے خلاف سیمی فائنل نہیں کھیل سکیں گے –

تبصرے بند ہیں.