غیرمسلم اپنے معبودوں کیلئے’’اللہ‘‘ کا لفظ استعمال نہیں کرسکتے، ملائیشین عدالت کا فیصلہ

ملائیشیا کی ایک عدالت نے غیر مسلموں کو اپنے معبودوں کے لئے لفظ ’اللہ‘ استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔ 2009 میں ملائیشیا کی حکومت نے عیسائی اخبار کو اپنے معبود کے لئے لفظ ’’اللہ‘‘ کے استعمال سے روک دیا تھا جس کے خلاف اخبار کے مالکان عدالت میں گئے جہاں ان کے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں خدا کے لئے ’’اللہ‘‘ کا لفظ استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی، عدالتی فیصلے کے خلاف حکومت نے اپیل دائر کی جس کی سماعت کے بعد اپیلٹ کورٹ نے گزشتہ عدالتی فیصلے کو معطل کرتے ہوئے فیصلہ سنایا کہ لفظ ’’اللہ‘‘عیسائی مذہب کا بنیادی حصہ نہیں، اس کے علاوہ غیر مسلموں کو لفظ ’اللہ‘ کے استعمال کی اجازت دینے سے معاشرے میں انتشار پھیل سکتا ہے اس لئے اخبار میں کہیں بھی وہ اپنے معبود کے لئے لفظ اللہ کا استعمال نہ کیا جائے۔ اخبار کے مدیر نے اس فیصلے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مذہبی اقلیتوں کی بنیادی آزادی کے تناظر میں قانون سازی میں ایک منفی قدم ہے وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ملائے زبان میں یہ لفظ عرصے سے استعمال کرتے آرہے ہیں اور یہ فیصلہ ان کے حقوق کا استحصال ہے، ملائے زبان میں چھپنے والی بائبل میں خدا کے لئے لفظ ’’اللہ‘‘ کا استعمال ملائیشیا کے وفاقی ریاست بننے سے کہیں پہلے سے ہو رہا ہے۔ دوسری جانب چند مسلم گروپوں نے عدالتی فیصلے کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیسائی لفظ ’اللہ‘ کا استعمال مسلمانوں کو عیسائی مذہب کی جانب راغب کرنے کے لیے بھی کر سکتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.