مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا، پنجاب میں مہنگی گندم کے سبب آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق پنجاب میں مہنگی گندم کے سبب فلور ملز نے 20 کلو والے آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100 روپے اضافہ کر دیا، میدہ فائن کی بوری کی قیمت بھی 200 روپے بڑھا دی گئی۔صوبائی دارالحکومت میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی پرچون قیمت 2750 تا 2800 روپے ہوگئی جبکہ فائن میدہ کی بوری 11500 روپے میں فروخت ہوگی، پنجاب بھر میں آٹا اور فائن میدہ کی نئی قیمتیں نافذ کر دی گئی ہیں۔چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ تھیلے کی قیمت آئندہ دنوں مزید بڑھ جانے کا اندیشہ ہے، گندم امپورٹ کرنے کی اجازت دی جائے، امپورٹ کرنے سے گندم مافیا کی کمر توڑی جا سکتی ہے۔دوسری جانب پنجاب کی اوپن مارکیٹ میں آج بھی گندم کی قیمتیں بلند سطح پر ہونے کے باعث خریدو فروخت میں سست روی ہے، قیمتوں میں اضافے کے سبب چھوٹی فلور ملز مہنگی گندم خریدنے سے گریزاں ہیں۔ادھر شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے غریب سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے، آٹا کی قیمتیں اتنی بڑھ گئی ہیں کہ غریب بمشکل گزر بسر کر رہا ہے، روٹی انسان کی بنیادی ضرورت ہے، حکومت کو چاہیے کہ آٹے کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کرے۔
تبصرے بند ہیں.