عوام 11 مئی کو اسٹیٹس کو کی سیاست کرنیوالوں کو رد کردیں، عمران خان
اسلام آباد – پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ قوم نے فیصلہ کرلیا ہے، تمام پاکستانیوں سے کہتا ہوں کہ 11 مئی کو اسٹیٹس کو کی سیاست کرنے والوں کو رد کردیں، تبدیلی کیلئے تحریک انصاف کے امیداروں کو ووٹ اور ہمیں ملک کیلئے ایک موقع دیں۔ شوکت خانم اسپتال لاہور میں زیر علاج تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اسلام آباد میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ نیا پاکستان بنانے سے پہلے نہیں مروں گا، پوری قوم کی دعاوٴں پر ان کا شکر گزار ہوں، ہر مکتبہ فکر کے افراد نے میرے لئے دعا کی جس پر ان کا مشکور ہوں، عوام سے دل کی باتیں کرنا چاہتا ہوں، 17 سال پہلے سیاست میں قدم رکھا،میری عیسائی بیوی کو یہودی بنادیا گیا، میرا گھر ٹوٹا، بچے چلے گئے، میں نے سوچا ان 2 پارٹیوں کے ساتھ چلنا ہے، تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں، تبدیلی صرف سیاست کے ذریعے آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں مانتا ہوں کہ ہم سے غلطیاں ہوئیں، ملک میں تبدیلی کیلئے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ اور ملک کیلئے ایک موقع دیں، اللہ کے سوا کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکا، پرسوں کیا ہوگا اللہ جانتا ہے میں نہیں۔ عمران خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے 5 سال میں ملک میں بلدیاتی نظام نہیں آنے دیا، بجلی نہیں بنائی، جنہوں نے 5 سال میں کچھ نہیں کیا وہ چھٹے سال کیا کریں گے، ملک پیچھے چلا گیا، حکمرانوں کے حالات اچھے ہوگئے، تمام پاکستانیوں سے مسلمانوں، ہندووٴں، عیسائیوں اور تمام قومیتوں و مذہبوں سے تعلق رکھنے والوں سے کہتا ہوں کہ اسٹیٹس کو کی سیاست کرنے والوں کو ووٹ نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ جو امن چاہئے خیبرپختونخوا اور فاٹا کو وہ امن دیں گے، سرداروں کو چھوڑ کر ایسے لوگوں کو ووٹ دیں جو آپ تک پیسا پہنچائے، بلوچستان کے پشتون علاقوں میں دین کے نام پر سیاست ہوتی رہی ہے، کتنی دیر سندھ میں لوگ بھٹو کے نام پر بکیں گے، جن جماعتوں کے مسلح گروپس ہیں وہ کبھی بھی امن قائم نہیں کرسکتے، کراچی کے لوگ مجھے بتائیں کہ کیا وہ اپنی تقدیر بدلنے تیار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جو تبدیلی ہمارے سامنے کھڑی ہے عوام نے اسے جانے نہیں دیا، خوشی ہے کہ جس طرح کا پاکستان ہونا چاہئے آج لوگ اس کیلئے کھڑے ہوگئے ہیں، تحریک انصاف نے آپ کو ایک متبادل قیادت دی ہے، گارنٹی دیتا ہوں پی ٹی آئی کا ہر نمائندہ تبدیلی لائے گا جو ہمارے منشور سے ہٹے گا وہ پی ٹی آئی میں نہیں رہے گا، تمام لوگ فیصلہ کرچکے ہیں بس یہ ہی کہنا ہے کہ 11 مئی کو خود بھی نکلیں اور لوگوں کو بھی نکالیں۔ عمران خان نے جلسے کے شرکاء سے عہد لیا کہ وہ مل کر 11 مئی کو ایک نئے پاکستان کیلئے نکلیں گے۔
تبصرے بند ہیں.