لاہور(جنرل رپورٹر) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہاہے کہ بدقسمتی سے بعض لوگ کورونا کو دنیا سے ڈالرز لینے کا حکومتی بہانہ کہتے رہے ،خدا کیلئے عوام کورونا کو سنجیدہ لیں ملک عید الفطر جیسے حالات کا ممتحمل نہیں ہوسکتا ،یونیورسٹیز کی فائلز میں رکاوٹیں ڈالنے والے بیور وکر یسی کے افسران کی جواب طلبی ہوگی انکے خلاف ایکشن لیاجائے گا۔ وہ بدھ کے روز کنگ ایڈورڈ میڈ یکل یونیورسٹی میں تقر یب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر کنگ ایڈورڈ میڈ یکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل، پرووائس چانسلر پروفیسر اعجاز حسین، رجسٹرار پروفیسر اصغر نقی،پروفیسر بلقیس شبیر،پروفیسر سائرہ افضل، پروفیسر ثاقب سعیداور پروفیسر اسد اسلم خاں سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ تقر یب سے خطاب کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت میرٹ اور شفافیت پر یقین رکھتی ہے اور مَیں 100فیصد یقین سے کہتاہوں کہ مَیں نے بطور گور نر موجودہ دور حکومت میں جتنے بھی وائس چانسلرز لگائے ہیں سب میرٹ پر ہیں ایک بھی وائس چانسلرسفارش پر نہیں لگا اور اب ہم وائس چانسلرز سے امید کرتے ہیں کہ جب وہ میرٹ پر لگے ہیں تواپنی یونیورسٹیز کے اندربھی مکمل میرٹ کے مطابق بھر تیاں کر یں ۔ اُنہوں نے کہا کہ سفارشی کلچر سے پہلے ہی ماضی کے حکمرانوں نے اداروں کو تباہ کیا اب میرٹ سے ہٹ کر کوئی اقدام برداشت نہیں کیا جائے گاہم نے ہر صورت اداروں کو مضبوط بنانا ہے اس سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا۔گورنرپنجاب نے کہا کہ بدقسمتی سے بیوروکریسی میں ایسے لوگ موجود ہیں جو یونیورسٹیز کی فائلز کو بلاوجہ روکتے رہے ہیں اور فائلز مہینوں ایک دفتر سے دوسرے دفتر میں گھومتی رہی ہیں مگر اب کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا ہم نے یہ دوٹوک پالیسی طے کر لی ہے کہ یونیورسٹیز کے حوالے سے کوئی بھی فائل جب کسی افسر کے پاس جائیگی تو اس پر لازم ہوگا کہ وہ 10دنوں کے اندار اس فائل کے بارے میں کوئی فیصلہ کر یں گے اگر کوئی افسر فائلزکو تاخیر کا شکار کر ے گا تواس سے نہ صرف جواب طلبی ہوگی بلکہ اسکے خلاف آئین وقانون کے مطابق سخت ایکشن بھی لیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ میری یہ کوشش ہے کہ پنجاب کی یونیورسٹیز کا شماردنیا کی 500ٹاپ یونیورسٹیز میں ہوجائے جسکے لیے ہم یونیورسٹیز کو مضبوط کر نے کے ساتھ ساتھ ان میں سیاسی مداخلت کو زیر وکر رہے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ مویشی منڈیوں ،عید اور محر م الحرام میں کورونا کے پھیلائو کے شدید خطرات ہیں اگر تھوڑی سے بھی لاپروائی کی گئی تو کورونا ایک بار پھر بے قابو ہوجائیگا اور پاکستان ایسے حالات کا کسی صورت متحمل نہیں ہوسکتا
تبصرے بند ہیں.