عمران فرحت تیسرے نمبر پر بھی بیٹنگ کیلیے تیار ہوگئے
ایبٹ آباد: عمران فرحت تیسرے نمبر پر بھی بیٹنگ کیلیے تیار ہوگئے، تربیتی کیمپ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ٹیم میں محمد حفیظ اور دیگر اوپنرز کی موجودگی میں اگر مینجمنٹ مجھے ون ڈاؤن پوزیشن پر بھی بھیجے تو کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز میں بڑا فرق ہے، ایبٹ آباد میں کیمپ کے دوران چیمپئنز ٹرافی کے ممکنہ ماحول سے مطابقت پیدا کرنے میں مدد ملی، ایک سوال پرانھوں نے کہا کہ دونوں اینڈز سے نئی گیندوں کے استعمال سے کوئی مشکلات پیدا نہیں ہوئیں، دائرے کے اندر فیلڈرز کا فائدہ اٹھانے کا موقع بھی موجود ہوتا ہے، ابتدائی10 اوورز میں سنبھل کر کھیلیں تو بعد میں رنز کی رفتار بڑھانے کی خاصی گنجائش موجود ہوتی ہے، انھوں نے کہا کہ کیمپ میں جاوید میانداد کی آمد سے بیٹنگ میں نمایاں بہتری آئی، سابق کپتان کا تجربہ کھلاڑیوں کے کام آئے گا۔عمران فرحت نے کہا کہ کبھی ٹیم سے باہر ہوکر پریشانی کا شکار نہیں ہوا، کسی سطح کی کرکٹ ہو پرفارم کرنے کی کوشش کرتا ہوں ، کم بیک کیلیے بھی کارکردگی دکھانا پڑتی ہے، عمران فرحت نے کہا کہ میں نے اپنے سسر سابق کرکٹر محمد الیاس کے رتبے کا کبھی فائدہ نہیں اٹھایا، ان کے ساتھ رشتہ ہونے سے قبل بھی میں کرکٹ کھیل رہا تھا، یہ سب کے سامنے ہے کہ ہر بار میں ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ پرفارمنس کی بنا پر قومی ٹیم میں واپس آیا، میں نے رشتہ داریوں کی بنا پر ٹیم میں جگہ بنانے پر کبھی توجہ نہیں دی، اپنے بل پر کرکٹ کھیلی، آئندہ بھی جب تک دم ہے کرکٹ کھیلتا رہوں گا۔
تبصرے بند ہیں.