عمران خان کا پشاور، میانوالی کی نشست چھوڑنے کا فیصلہ

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے این اے چھپن راولپنڈی کی نشست برقرار رکھنے اور پشاور، میانوالی کی سیٹ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے گیارہ مئی کے انتخابات میں پشاور، میانوالی اور راولپنڈی کے حلقوں سے کامیابی حاصل کی جبکہ لاہور سے وہ ہار گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے راولپنڈی کے حلقہ این اے چھپن کی نشست رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پشاور میں این اے ون اور اپنے آبائی حلقہ میانوالی کی نشست چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کے سینئر رہنما مخدوم جاوید ہاشمی کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے این اے اڑتالیس کی نشست چھوڑنے کا امکان ہے۔ خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے دیگر مرکزی رہنماوٴں جہانگیر ترین، اسد عمر اور عامرکیانی کو الیکشن لڑانے کی تجویز ہے۔

تبصرے بند ہیں.