عدالت سے قرار دئیے جانے والے کسی جھوٹے، کرپٹ یا بددیانت شخص کا اعتبار ممکن نہیں، مراد سعید

جھوٹ بلامبالغہ نون لیگ کی سیاست کا بنیادی ستون اور جماعتی پالیسی کا کلیدی جزو ہے

اسلام آباد (مانیٹر نگ ڈیسک) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے سابق وزیر اعظم نواز شریف پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ عدالت سے قرار دئیے جانے والے کسی جھوٹے، کرپٹ یا بددیانت شخص کا اعتبار ممکن نہیں۔ اپنے بیان میں مراد سعید نے کہاکہ نواز شریف کو عدالت سرٹیفائیڈ جھوٹا، بددیانت اور کرپٹ قرار دے چکی ہے۔ مراد سعید نے کہاکہ عدالت سے قرار دیے جانے والے کسی جھوٹے، کرپٹ یا بددیانت شخص کا اعتبار ممکن نہیں۔ انہوںنے کہاکہ جھوٹ بلامبالغہ نون لیگ کی سیاست کا بنیادی ستون اور جماعتی پالیسی کا کلیدی جزو ہے۔مراد سعید نے کہاکہ نواز و شہباز سے دونوں بھائیوں کی اولاد تک اور پھر نون لیگی قیادت سب باہم جھوٹ میں ایکدوسرے کا مقابلہ کرتے ہیں۔مراد سعید نے کہاکہ قوم کیلئے یہ طے کرنا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے کہ نون لیگ میں بڑا جھوٹ کون بولتا ہے، پچھلے 72 گھنٹوں کے دوران بولے گئے جھوٹوں کی تعداد گننا مشکل ہے۔ مرادسعید نے کہاکہ پہلے آرمی چیف سے سیاسی قائدین کی ملاقات کے مندرجات کے بارے میں جھوٹ بولا گیا، پھر نواز شریف کے نمائندے کی عسکری قیادت سے خفیہ ملاقاتوں کو جھٹلایا گیا، آرمی چیف سے ملاقات کیلئے نمائندہ بھیج کر قوم کے سامنے عساکر کے فرضی سیاسی کردار پر تنقید کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔مراد سعید نے کہاکہ کل جماعتی کانفرنس میں نون لیگ کے بھگوڑے قائد نے براہ راست فوج پر جھوٹی الزام تراشی کی، لندن جائدادوں کے بارے میں جھوٹ بولا گیا اور پانامہ لیکس کے آنے کے بعد انہیں تسلیم کرلیا گیا۔مراد سعید نے کہاکہ رسیدیں مانگنے پر پارلیمان میں کھڑے ہو کر حضور یہ ہیں وہ ذرائع اور وسائل کہہ کر جھوٹ بولا گیا، جے آئی ٹی نے تحقیقات کی تو کیلبری فونٹ کے استعمال جیسی جعل سازی پکڑی گئی، بیرون ملک جائیدادوں کی خریداری کے ثبوت مانگے گئے تو قطری خط جیسا جعلی کاغذ عدالت کے سامنے رکھ دیا۔مراد سعید نے کہاکہ عدالت میں مجرم ثابت ہونے کے بعد جیل گئے تو بیماری کے آڑ میں جھوٹ بولا، علاج کی آڑ میں جیل سے نکلے اور وطن واپسی کے جھوٹے وعدے پر بیرون ملک فرار ہوئے۔مراد سعید نے کہاکہ 2014 میں دھرنے کے دوران خود آرمی چیف کو ثالثی کیلئے کہا اور خود ہی مکر گئے، وزیراعظم نواز شریف کے پارلیمان میں بولے گئے جھوٹ کی تردید آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ کو کرنا پڑی۔

تبصرے بند ہیں.