عاشقی ٹو کو ملنے والی پذیرائی سے بہت خوش ہوں، پراچی ڈیسائی

ممبئی: بھارتی اداکارہ پراچی ڈیسائی عاشقی ٹو سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار ادیتہ رائے کپور کے ساتھ کام کرنے کی خواہاں ہیں، بالی ووڈ میں بہت ہی کم ایسی فلمیں بنتی ہیں جو عاشقی ٹو جیسی کامیابی حاصل کریں۔ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ عاشقی ٹو کو دنیا بھر میں ملنے والی پذیرائی سے وہ بہت خوش ہیں کاش میں اس فلم کا حصہ ہوتی، انھوں نے کہا کہ یہ ضروری نہیں ہوتا کہ بالی ووڈ کی ہر فلم کو اتنی کامیابی ملے تاہم میں سمجھتی ہوں کہ یہ ادتیہ رائے کپور اور شردھا کپور کی بہت بڑی کامیابی ہے اور انکو ملنے والی کامیابی پر خوش ہوں ، انھوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ادتیہ رائے کے ساتھ فلم میں کام کروں۔ 24 سالہ بالی وڈ اداکارہ پراچی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے ساتھ رابطے میں رہتی ہوں، ان کی پسند کا بھی خیال رکھتی ہوں ،مداحوں کی خوشی سب سے زیادہ عزیز ہے انھی کی بدولت ترقی کے زینے طے کررہی ہوں مداحوں کے مشوروں پر اپنی پرفارمنس کو بہتر بنانے کے لیے محنت کررہی ہوں۔ فلم میں ہر طرح کے کردار کو خوبی سے نبھانا ہی اصل فن ہے اور جو اس کو بہتر انداز میں کرتا ہے وہی کامیاب بھی ہے ۔ بالی وڈ اداکارہ نے کہا کہ جو کچھ حاصل کیا اس کو برقرار رکھنے کی کوشش کروں گی ۔آگے بڑھنے کے لیے شوق اور لگن سے کام کرتی رہوں گی۔ انھوں نے کہا کہ پہلی فلم ’’راک آن ‘‘میں اگرچہ میرے ساتھ فرحان اختر کی صورت ایک نیا چہرہ متعارف کرایا گیا مگر میں نے اس فلم میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا کر اپنی الگ شناخت بنانے کی کوشش کی ہے ۔کیرئیر کا آغاز چھوٹی اسکرین سے ہی کیا اور ڈرامہ سیریل کی مقبولیت نے میرے کردار کو بھی مشہور بنادیا ۔اس سیریل نے بڑی شہرت حاصل کی۔ اداکارہ کی فلم ’’آئی می اور میں‘‘، ’’سمے‘‘ اور 1920 کا پارٹ تھری بھی ریلیز کے لیے تیار ہے۔ 24 سالہ بالی وڈ اداکارہ پراچی ڈیسائی فلم ’’سمے ‘‘میں 54 سالہ اداکار سنجے دت کی ہیروئن بنیں گی ۔اس فلم میں سنجے دت ایک پولیس افسر کا کردار نبھارہے ہیں ۔یہ فلم سلمان کی ’’دبنگ‘‘سے یکسر مختلف ہے اور اس میں پولیس افسر کا کردار بھی منفرد ہے ،پراچی ڈیسائی کا کہنا ہے کہ انھوں نے اس فلم میں سافٹ ویئر انجینئر کا کردار نبھایا ہے جسے سنجے دت سے محبت ہوجاتی ہے اور پھر شادی کرلیتے ہیں ۔اس فلم کی ہدایات سائوتھ کے ڈائریکٹر کے، ایس روی کمار نے دی ہیں ۔واضح رہے کہ پراچی 12 ستمبر1988 کو بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں پیدا ہوئیں۔ ابتدائی تعلیم سورت کے کانونٹ اسکول سے حاصل کی پھر پونے سے گریجویشن کرلی۔ پونے میں کالج کے دوران کئی ڈانس اور ایکٹنگ مقابلوں میں حصہ لے کر متعدد انعامات بھی جیتے۔ 20 سال کی عمر میں ٹی وی پر کام شروع کردیا۔ اداکارہ نے ٹی وی سیریل چھوڑدی اور اس کے بعد کئی دیگر ٹی وی چینلز پر کام کیا ،تاہم طویل سیریل میں عمدہ اداکاری پر انھیں کئی ایوارڈز دیے گئے۔ 2008 میں ہی پہلی فلم ’’راک آن‘‘میں عمدہ پرفارمنس پر بہترین اداکارہ کے طور پر فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزدگی ہوئی۔ 2009 میں فلم ’’لائف پارٹنر ‘‘میں جلوہ گرہوئیں۔ 2010 میں فلم ’’ونس اپان ان ممبئی‘‘ممتاز کا کردار نبھایا۔ اس فلم میں بھی ان کی اچھی پرفارمنس پر ان کی بہترین معاون اداکارہ کے طور پر فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزدگی ہوئی۔ 2012 میں فلم ’’تیری میری کہانی ‘‘میں پرفارم کیا ۔اس فلم میں ان کی خصوصی آمد ہوئی۔ اور رواں سال ہی پراچی کی فلم ’’بول بچن‘‘ سینما گھروں کی زینت بنائی گئی۔ رواں سال یکم مارچ کو ان کی فلم ’’آئی می اور ریلیز ہوئی۔ جس میں اداکارہ جان ابراہم ان کے مدمقابل تھے۔

تبصرے بند ہیں.