صوبائی حکومتوں کی تشکیل کا عمل آخری مراحل میں داخل
لاہور: صوبائی حکومتوں کی تشکیل کا عمل آخری مراحل میں ہے، پنجاب میں حکومت سازی کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی، خیبر پختو نخوا میں بھی حکومت سازی کا کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے،جبکہ بلوچستان میں مسلم لیگ ن ، نیشنل پارٹی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے ملکر حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے،سندھ میں جوڑ توڑ جاری ہے اور اسمبلی کا اجلاس بھی انتیس مئی کو طلب کرلیا گیا ہے،پنجاب میں حکومت سازی کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، نامزد وزیراعلٰی شہباز شریف کو تین سو آٹھ ارکان کے ساتھ دو تہائی سے زائد اکثریت کی حمایت حاصل ہو گئی ہے،ایوان میں اپوزیشن ارکان کی اب تک تعداد اڑتیس سامنے آئی ہے، جس میں تحریک انصاف کے انیس، پیپلزپارٹی کے چھ، مسلم لیگ قاف کے سات، جماعت اسلامی اور نیشنل مسلم لیگ کا ایک ایک اور چار آزاد ارکان شامل ہیں۔ادھر خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف نے چھ وزارتیں پہلے ہی سے جماعت اسلامی اور قومی وطن پارٹی کے دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ باقی رہ جانے والی نو وزارتوں میں سے صحت اور بلدیات کے حصوں کیلئے تحریک انصاف کے اندر سرد جنگ جاری ہے جس کے خاتمے کیلئے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کو نامزد وزیراعلی پرویز خٹک نے درخواست دی ہے کہ وہ خود ان وزارتوں کا فیصلہ اوراعلان کریں،دوسری طرف بلوچستان میں مسلم لیگ ن ، نیشنل پارٹی اورپشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے ملکر حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے، قائد ایوان کی نامزدگی کا اختیار مسلم لیگ ن کے دیا ہے ، محمود خان اچکزئی اور حاصل بزنجو سے مشاورت جاری ہے ، قوم پرستوں کو اعتماد میں لیکر قائد ایوان کا اعلان کیا جائے گا،ادھرسندھ میں حکومت سازی کیلئے سیاسی جماعتوں میں جوڑ توڑ جاری ہے جبکہ پیپلزپارٹی حکومت سازی کیلئے مطلوبہ تعداد پوری ہونے کا دعوی کررہی ہے۔
تبصرے بند ہیں.