صدارتی ایوارڈ یافتہ شاعر پروفیسر طہٰ خان انتقال کرگئے، صدر زرداری کا اظہار افسوس

اسلام آباد: صدارتی ایوارڈیافتہ معروف شاعر، ادیب اوردانشور پروفیسرطٰہٰ خان انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 82سال تھی۔ اردواور پشتوشاعری میں اپنی الگ پہچان رکھنے والے معروف شاعرپروفیسر طٰہٰ خان 1931ء میںلکھنو میںپیدا ہوئے۔ انھوںنے مزاحیہ شاعری میںاپنا الگ مقام بنایااور نہ صرف سیاست بلکہ وقتاًفوقتاً پاکستان کرکٹ کی صورتحال کے حال کے حوالے سے بھی مزاحیہ اشعارلکھے۔ وہ 37سال تک شعبہ درس وتدریس سے منسلک رہے اور 7 کتابوں کے مصنف بھی تھے۔ 1988ء میںبینائی سے محروم ہونے کے باوجودانھوں نے10سال تک شعبہ تدریس سے اپناناتا نہ توڑا۔ مرحوم کے اہم ادبی کارناموںمیں کلیات رحمٰن بابااور رباعیات خوشحال کے منظوم اردوترجمے شمارکیے جاتے ہیں جبکہ ان کی اہم تصانیف میںقواعدخوشخطی، بنیادی اردو، قرینہ شاعری اورمزاحیہ شاعری کادیوان گل پاش شامل ہیں۔ مرحوم کی نماز جنازہ میںپشاور کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ بعدازاں انھیں مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ صدرآصف زرداری نے پروفیسرطٰہٰ خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے ان کی عظیم خدمات کوخراج عقیدت پیش کیااورایصال ثواب کے لیے دعا کی۔

تبصرے بند ہیں.