شین وارن نے کرکٹ میں انقلابی تبدیلیوں کا مطالبہ کر دیا

آسٹریلیا کے سابق بائولر شین وارن نے کرکٹ میں انقلابی تبدیلیوں کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک روزہ کرکٹ میں فیلڈنگ کی پابندیاں ختم کی جائیں تاکہ ایک کپتان کی جارحانہ حکمت عملی کا علم ہو سکے۔

میلبرن: (ویب ڈیسک) سابق آسٹریلین کرکٹر شین وارن نے کرکٹ کے موجودہ سیٹ اپ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی تجویز پیش کی ہے۔ شین وارن نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک دن کم کرنے اور ایک روزہ کرکٹ میں بائولرز کو لاتعداد اوورز کرانے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے اپنی ویب سائٹ پر ’کچھ تجاویز‘ کے نام سے کالم شائع کیا ہے جس میں ایک روزہ کرکٹ میں فیلڈنگ کی پابندی، ڈی آر ایس اور پچ کے معیار کو برقرار رکھنے پر گفتگو کی گئی۔ انہوں نے سب سے پہلے ٹیسٹ کرکٹ کو پانچ دن سے کم کرتے ہوئے چار دن کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ چار دن کھیلی جائے جہاں ہر دن 96 اوورز ہوں اور اضافی اوورز ہونے کے باعث کھیل کو ایک گھنٹہ قبل شروع کیا جائے اور کھانے اور چائے کے وقفے کو آدھے آدھے گھنٹے پر محیط رکھا جائے۔ ماضی کے عظیم لیگ سپنر نے ایک روزہ کرکٹ کو بھی مکمل طور پر تبدیل کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک روزہ کرکٹ میں فیلڈنگ کی پابندیاں ختم کی جائیں تاکہ ایک کپتان کی جارحانہ حکمت عملی کا علم ہو سکے۔ انہوں نے اس کے ساتھ ساتھ تجویز پیش کی کہ بائولر کو ایک روزہ کرکٹ میں لاتعداد اوورز کرانے کی اجازت دی جائے تاکہ ایک بائولر کم از کم ایک میچ میں 25 اوور تک کرا سکے۔ شین وارن نے گیند اور بلے کے درمیان کھیل میں توازن کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ شائقین صرف چھکے چوکے دیکھنا پسند نہیں کرتے بلکہ ساتھ ساتھ بائولرز کے لئے معاون چیزیں بھی دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ہندوستانی ٹیم اور آئی سی سی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کے زیر اہتمام تمام میچز میں ڈی آر ایس کے استعمال کو لاگو قرار دیا جائے۔

تبصرے بند ہیں.