شہریار آفریدی کو انسداد منشیات کا اضافی قلمدان واپس مل گیا

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر )وزیر مملکت برائے سیفران (اسٹیٹ اینڈ فرنٹیئر ریجنز) شہریار آفریدی کو وزیر مملکت برائے انسداد منشیات کا اضافی قلمدان واپس دے دیا گیا۔ چند روز قبل کابینہ میں اہم تبدیلیاں ہوئیں ان تبدیلیوں میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم سواتی کا قلمدان تبدیل کر کے انہیں وفاقی وزیر برائے انسدادِ منشیات کا عہدہ تفویض کردیا گیا تھا، ساتھ ہی وزیراعظم نے شہریار آفریدی سے وزیر مملکت برائے انسدادِ منشیات کا اضافی پورٹ فولیو واپس لے لیا تھا جس کا نوٹیفکیشن کابینہ ڈویڑن نے 8 اپریل کو جاری کیا تھا۔تاہم ایک روز بعد ہی مذکورہ فیصلہ واپس لے لیا گیا اور 9 اپریل کو نیا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے سیفران کو وزیر مملکت برائے انسدادِ منشیات کا اضافی پورٹ فولیو واپس دے دیا گیا۔خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس میں وزیر مملکت شہریار آفریدی کو خاصی تنقید کا سامنا رہا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کے تقرر سے قبل شہریار آفریدی وزیر مملکت برائے داخلہ کی ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے ہیں تاہم وفاقی وزیر کی تعیناتی کے بعد ان سے یہ عہدہ لے لیا گیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.