شہروں کو نجی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش بنایا جائے، اسحاق ڈار

اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے شہروں کو نجی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش بنانے کے اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں شہری انتظامیہ کو اختیارات اور وسائل میسر ہونے چاہئیں۔ وہ منگل کو ایشیائی ترقیاتی بینک کے بورڈ آف گورنرز کے ابتدائی سیشن سے خطاب کر رہے تھے، جس میں شہروں میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول بنانے میں شہری انتظامیہ کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ گورننس کو بہتر و موثر بنانے کیلئے شہر کے رہنمائوں اور باشندوں کا وژن واضح ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وژن کی تیاری اور نفاذ میں سب کی شمولیت اہم ہے، اس سلسلے میں غریب اور محروم طبقات کو بھی سارے عمل میں شامل کیا جانا چاہیے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مقامی سطح پر ترقی کے مقصد کے حصول کیلئے شہروں کو اختیارات اور وسائل میسر ہونے چاہئیں اور مقامی معیشتوں کو ترقی دینے کے منصوبے اور اقدامات ضروری ہیں۔ وفاقی وزیر نے شہری ڈھانچے کو وسعت دینے اور اس کی تجدید کی ضرورت پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ شہری مقامی حکومتوں کو زیادہ وسائل تک رسائی دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں بہتر طور پر سرانجام دے سکیں۔

تبصرے بند ہیں.