نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ہم اپنے شہداء کے مقروض ہیں۔6 ستمبر کو یومِ دفاع و شہداء کے حوالے سے قومی یادگار شکر پڑیاں میں پُر وقار تقریب منعقد ہوئی ، تقریب میں نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ نے شرکت کی، یادگار پر فاتحہ پڑھی، پھول رکھے اور خطاب بھی کیا۔اپنے خطاب میں نگران وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم اپنے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، شہداء ہمارے ماتھے کے جھومر ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہداء اللہ کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں ، شہدا کو نذرانہ عقیدت پیش کرنے آئے ہیں ، ہم شہدا کو نہیں بھولے، ری جانب سے چھوٹا سا نذرانہ شہداء اور ان کے پیاروں کی تکریم ہے۔نشانِ حیدر پانے والے کیپٹن محمد سرور شہید اور میجر شبیر شہید کے مزاروں پر بھی یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی ، اس موقع پر دونوں شہداء کے مزاروں پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔لاہور میں شاعر مشرق ، مصورِ پاکستان علامہ اقبالؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پُر وقار تقریب منعقد ہوئی۔کور کمانڈر لاہور سید عامر رضا تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے انہوں نے مزارِ اقبال پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔تقریب میں دیگر اعلیٰ فوجی افسران نے بھی شرکت کی جبکہ مزار اقبال کے اطراف میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔کراچی میں مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی پی اے ایف اصغرخان اکیڈمی کے ائیرآفیسرکمانڈنگ ائیروائس مارشل غضنفر لطیف تھے ، مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل غضنفر لطیف نے اس موقع پر مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر رکھی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے۔گارڈ ز تبدیلی کی تقریب میں 7 خواتین سمیت 57 کیڈٹس حصہ لے رہے ہیں جبکہ تقریب کے دوران مزار قائد پر پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ملک بھر میں یوم دفاع و شہدائے پاکستان قومی اور ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہاہے ، یوم دفاع پاکستان قومی تاریخ کا درخشاں باب ہے ،اس دن پاکستان کی افواج نے ازلی دشمن بھارت کو عبرتناک شکست دے کر شجاعت و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی۔
تبصرے بند ہیں.