شہدائے کربلا کا چہلم،ملک بھر میں مجالس عزا برپا،موبائل فون،ڈبل سواری پر پابندی عائد

لاہور/کراچی/ملتان/فیصل آباد()شہدائے کربلا کا چہلم آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے،ملک بھر میں مجالس عزا برپا ہوں گی اور ماتمی جلوس نکالے جائیں گے۔

کراچی میں شہدائے کربلا کے چہلم کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں برپا ہوا، مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہو گا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہو حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہو گا۔راولپنڈی میں ماتمی جلوس امام بار گاہ وضائف علی شاہ بوہڑ بازار سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بار گاہ قدیمی پہنچ کر اختتام پزید ہو گا۔لاہور میں شہدائے کربلا کے چلہم کا جلوس اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا جو اپنے مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔فیصل آبادمیں چہلم کا جلوس مرکزی امام بارگاہ سنت پورہ سے برآمد ہوا اور گھنٹہ گھر کے اطراف روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مغرب کے وقت اختتام پذیر ہو گا۔ملتان میں 19صفر کا ماتمی جلوس گلگشت کے جلال مسجد چوک کے قریب سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے گردیزی مارکیٹ اور گول باغ سے ہوتا ہوا واپس جلال مسجد چوک جا کر ا ختتام پذیر ہو گا جلوس میں شامل عزاداروں نے نوحہ خوانی اور زنجیر زنی بھی کی۔پشاور کینٹ کی امام بارگاہ حسینیہ ہال سے چہلم کا جلوس بر آمد ہوا۔آج بھی علم اور ذوالجناح کے جلوس نکلیں گے۔کوئٹہ میں جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہو گا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا بہشت زینب قبرستان پر جا کر اختتام پذیر ہو گا۔دریں اثناء چہلم کے موقع دس ہزار فوجی جوان ملک کے حساس علاقوں میں موجود رہیں گے ، کراچی ،کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔سندھ ، پنجاب اور پشاور میں ڈبل سواری پر پابندی ہے۔بنوں میں کر فیو ہو گا جبکہ راولپنڈی میں کرفیو کا امکان ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق چہلم کےموقع پر دس ہزار فوجی جوان ملک کے مختلف حساس علاقوں میں موجود رہیں گے،فوجی دستوں کو ریپڈریسپانس فورس کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔بنوں میں منگل کی صبح 6 سے شام 5 بجے تک کرفیو نافذ ہو گا،کوئٹہ میں موبائل فون سروس بند اور ڈبل سواری پر پابندی ہو گی ۔جلوس کے روٹس پر پانچ ہزار اہلکار تعینات رہیں گے،تین اہم مقامات پر پاک آرمی کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔سکھر میں حساس مقامات پر پولیس کے ساتھ رینجرز کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ فوج کو اسٹینڈ بائی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.