شکیل کی کیمپ میں واپسی، کوچ عمرہ کرنے چلے گئے

لاہور: روزہ رکھنے کی پاداش میں ڈراپ کیے جانے والے شکیل عباسی نے دوبارہ قومی ہاکی کیمپ جوائن کر لیا، سابق کپتان نے گزشتہ شام چیف کوچ چوہدری اختر رسول کو مقامی ہوٹل میں رپورٹ کی،آرام کا دن ہونے کی وجہ سے انھیں ٹریننگ کا موقع نہ مل سکا۔ دوسری جانب کوچ طاہر زمان عمرہ اداکرنے سعودی عرب روانہ ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل شکیل عباسی روزہ رکھ کر ٹریننگ کیلیے آئے تو ٹیم مینجمنٹ نے اسے ڈسپلن کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے انھیں کیمپ سے نکال دیا، شدید ردعمل سامنے آنے پراختر رسول نے وضاحت پیش کی کہ ارکان اسلام کے خلاف جانے کا تصور بھی نہیں کرسکتا، سب نے مل کر فیصلہ کیا تھا سخت گرم موسم میں ایشیا کپ کی تیاریوں کیلیے روزے بعد میں رکھ لیں گے، معاملہ ٹھنڈا ہونے کے2روز بعد ٹیم منیجر نے شکیل عباسی کو دوبارہ کیمپ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی۔گزشتہ روز انھوں نے دیگر کھلاڑیوں کو جوائن کرلیا۔دوسری جانب ایشیا کپ کی تیاریوں کیلیے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ ایک روزہ وقفے کے بعد منگل کو دوبارہ شروع ہوگا، طاہر زمان عمرے کی ادائیگی کیلیے سعودی عرب چلے گئے،اختر رسول ہی کوچنگ کے فرائض انجام دیں گے، کھلاڑیوں کو صبح اور شام کے 2 سیشنز میں ٹریننگ کرائی جائے گی۔ چیف کوچ اختر رسول کا کہنا ہے کہ شکیل عباسی منگل سے کیمپ میں موجود دیگرکھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ کا دوبارہ آغاز کریں گے، ان کے حوالے سے اب کوئی مسئلہ باقی نہیں رہا۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ کیمپ میں موجود تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کا ایک ہی مقصد ایشیا کپ جیت کر ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرنا ہے،ہم ایشیائی ٹائٹل جیت کر قوم کو خوشخبری دیں گے۔

تبصرے بند ہیں.