شکیب کی عمدہ پرفارمنس، بنگلہ دیش نے حساب چکتا کردیا
بولاوایو: شکیب الحسن کے آل راؤنڈ اٹیک کی بدولت زمبابوے سے بنگلہ دیش نے حساب چکتا کرلیا۔ بنگلہ دیش نے دوسرا ٹوئنٹی 20 میچ 34 رنز سے جیت کر سیریز 1-1 سے ڈرا کردی، 169 رنز کے تعاقب میں میزبان سائیڈ 9 وکٹ پر 134 رنز بنا پائی، شکیب نے 4 وکٹیں لیں، اس سے پہلے انھوں نے 40 رنز بناکر اپنی ٹیم کا مجموعہ 7 وکٹ پر 168 تک پہنچایا۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے دوسرے ٹوئنٹی 20 میچ میں زمبابوے کو 34 رنز سے شکست دے دی ہے، اس طرح دونوں ٹیموں کے درمیان دو میچز کی سیریز بھی ایک ایک سے برابرہوگئی ہے، اس سے قبل ٹیسٹ سیریز بھی ڈرا ہوگئی تھی۔ زمبابوے کو سیریز جیتنے کیلیے 169 رنز کا ہدف ملا مگر شکیب الحسن کے زوردار اٹیک کی وجہ سے وہ 9 وکٹ پر 134 رنز ہی بناسکا۔ ہیملٹن مساکیڈزا 2 رنز پر عبدالرزاق کی گیند پر بولڈ ہوئے، کپتان برینڈن ٹیلر (15) کوشکیب نے ناصر حسین کی مدد سے قابو کیا، ووسی سبانڈا 32 رنز بناکر شفیع الاسلام کی گیند پر محمود اللہ کا کیچ بن گئے۔ سین ولیمز (16) رن آؤٹ ہوئے، میلکولم والر(10) کو عبدالرزاق نے مومن الحق کی مدد سے میدان بدر کیا، سکندر رضا (32)، ہیملٹن مساکیڈزا (9) اور مشانگوے (0)کو شکیب الحسن نے آؤٹ کرکے زمبابوے کی شکست پر مہر ثبت کردی، انھوں نے 22 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عبدالرزاق اور شفیع الاسلام نے دو،دو وکٹیں لیں۔اس سے قبل بنگلہ دیش نے 7 وکٹ پر 168 رنز اسکور کیے، اس کی پہلی وکٹ چار کے مجموعے پر گری جب شمس الرحمان (2) پراسپر اتسیا کی گیند پر والیر کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، اس بار تمیم اقبال نے شکیب کے ساتھ مل کر مجموعے کو 86 تک پہنچایا، شکیب 28 بالز پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، تمیم نے اتسیا کی دوسری وکٹ بننے سے قبل 43 رنز بنائے۔
تبصرے بند ہیں.