شام کا بحران: پاکستان نے پرامن حل کیلیے کردار ادا کرنیکی پیشکش کردی

کراچی:  صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ شام کی صورت حال کے بارے میں پاکستان کا مؤقف اقوام متحدہ کے عدم مداخلت کے اصول پر مبنی ہے۔

ہم بیرونی قوتوں کی جانب سے کسی ملک میں حکومت کی تبدیلی کی حمایت نہیں کرتے ۔ پیر کو بلاول ہائوس میں شام کے نائب وزیر خارجہ فیصل مقداد کے ساتھ ملاقات میں صدر زرداری نے کہا کہ شام کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کا احترام کیا جانا چاہیے کیونکہ کسی بھی بیرونی مداخلت سے صورت حال پیچیدہ ہوگی اور پڑوسی ممالک پر اس کے سنگین نتائج مرتب ہوں گے ۔

انھوں نے شام کی حکومت اور اپوزیشن گروپوں سمیت تمام لوگوں کو شامل کرتے ہوئے ایک جامع سیاسی مذاکراتی عمل کے ذریعے شام کے عوام کی جمہوری امنگوں کے مطابق تنازع کے پرامن حل کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں پر پاکستان کی بھرور حمایت کا اعادہ کیا ۔ انھوں نے شام کے بحران کے پرامن حل تلاش کرنے کے سلسلے میں پاکستان کی جانب سے کردار ادا کرنے کی پیشکش بھی کی ۔ ملاقات میں شام کے نائب وزیر خارجہ کے ڈائریکٹر، اسلام آباد میں شام کے ناظم الامور ڈاکٹر علی مرہا ، صدارتی ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر ، خارجہ سیکریٹری جلیل عباس جیلانی بھی موجود تھے

تبصرے بند ہیں.