سیکورٹی خدشات کے باوجود کراچی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ہے، کورین سفیر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں جمہوریہ کوریا کے سفیرجونگ ہوان سانگ نے سیکورٹی خدشات کے باوجود کراچی کوسرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے پرکشش قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کراچی پاکستان کا معاشی دارالخلافہ ہونے کے ساتھ ساتھ قومی خزانے میں65سے70فیصد ریونیو جمع کراتا ہے جبکہ کراچی چیمبر آف کامرس ملک کا سب سے بڑا چیمبر ہے اور کوریا سمیت دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ دوطرفہ تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہاہے۔کے سی سی آئی کے دورے کے موقع پرکورین سفیر نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ کراچی میں کئی معروف کورین کمپنیاں خاص طور پر لوٹے پی ٹی اے،لوٹے کولسن،ہنڈائی کارپوریشن اور سسانگ یونگ انجینئرنگ کامیابی کے ساتھ اپنا کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں۔اجلاس میں کراچی میں جمہوریہ کوریا کے قونصل جنرل لی چانگ ہی،کورین سفارتخانے کے اکنامک افیئرز کے کاؤنسلرپارک بونگسو،کوٹرا کراچی کے ڈائریکٹرسن سون یون،کورین سفارتخانے کی اکنامک افیئرز آفیسرمس بیک سونگ ہیئی،بزنس مین گروپ کے وائس چیئرمین وسابق صدر کے سی سی آئی انجم نثار،کے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد ابراہیم کوسمبی، نائب صدر آغا شہاب احمدخان،ڈپلومیٹک مشنز اینڈ ایمبسییز لائژن سب کمیٹی کے چیئرمین محمد نعیم شریف اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔کورین سفیرنےکہا کہ پاکستان اورکوریا کے درمیان سال2013کے دوران دوطرفہ تجارتی حجم کم ہو کر 1.34ارب ڈالر کی سطح پر آگیا جو 2012میں1.6ارب ڈالر تھا۔کوریا کی پاکستان کے لیے برآمدات میں 3فیصد کمی جبکہ پاکستان کی کوریا کے لیے برآمدات میں33فیصد کمی واقع ہوئی ہے جو دونوں ممالک کے لیے تشویش کاباعث ہے۔کورین سفیر نے کراچی چیمبر کو اسلام آباد میں کورین سفارتخانے، کراچی قونصلیٹ اور کوٹرا کی جانب سے دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقینی دہانی بھی کرائی۔ اس موقع پربزنس مین گروپ کے وائس چیئرمین وسابق صدر کے سی سی آئی انجم نثار نے کہاکہ کورین سرمایہ کار پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں جومنافع بخش ہو نے کے ساتھ ساتھ پاکستانی معیشت کے لیے سازگار ثابت ہوگی اور روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے۔قبل ازیں کراچی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئرنائب صدر محمد ابراہیم کوسمبی نے جمہوریہ کوریہ کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ کورین حکومت نے ہمیشہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کی حمایت کی ہے لہٰذا ایسی واضح حکمت عملی اختیار کی جائے جس سے تجارت ومعیشت کے فروغ پر توجہ مرکوزکی جاسکے۔کورین تاجربرادری کے لیے آٹوموبائل، پیٹروکیمیکلز،پلاسٹک و دیگرشعبوں میں سرمایہ کاری اورمشترکہ شراکت داری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

تبصرے بند ہیں.