پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کیلئے معاوضے دگنے کر دیئے ہیں، نقصانات کا سو فیصد ازالہ کریں گے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ 15 اگست سے شروع ہونے والے کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی بارشوں نے صوبے کے کئی اضلاع کو شدید متاثر کیا جن میں بونیر، سوات، شانگلہ، باجوڑ، مانسہرہ اور صوابی شامل ہیں۔انہوں نے بتایا ہے کہ ان بارشوں اور حادثات کے نتیجے میں مجموعی طور پر 406 افراد جاں بحق اور 245 زخمی ہوئے جبکہ 664 گھروں کو مکمل اور 2431 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، مزید برآں 511 سڑکیں، 77 پل اور 2123 دکانیں بھی متاثر ہوئیں۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے فوری طور پر تمام محکموں، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو متحرک کیا، ریسکیو کارروائیوں کے دوران 5566 افراد کو بچایا گیا جبکہ 430 لاشیں برآمد ہوئیں، متاثرہ علاقوں میں 2061 اہلکار اور 176 گاڑیاں و کشتیاں بھیجی گئیں، اب تک 136 رابطہ سڑکیں اور 65 پل بحال کیے جا چکے ہیں۔علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ریسکیو آپریشن کے بعد ریلیف سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا جن میں متاثرین کو ایک لاکھ 19 ہزار افراد تک پکا پکایا کھانا فراہم کیا گیا، 125 ٹرکوں پر امدادی سامان بھیجا گیا اور 70 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے، صوبائی حکومت نے معاوضوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.