Latest National, International, Sports & Business News

سیریز نہیں ہارے تو معافی کس بات کی مانگیں، منیجر پلیئرز کی ڈھال بن گئے

کراچی: منیجر معین خان زمبابوے میں بدترین کھیل پیش کرنے والی قومی کرکٹ ٹیم کی ڈھال بن گئے، انھوں نے پلیئرزکی پرفارمنس کو تسلی بخش قرار دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جب ہم سیریز نہیں ہارے تو معافی کس بات کی مانگیں، جن 2 میچز میں شکست ہوئی اس میں ہماری ٹیم بہت بُرا کھیلی، حفیظ کی ٹیسٹ فارم تشویش کا باعث ہے، خامیوں پر قابو پانے کیلیے کوچ ڈیوواٹمور ضروری اقدام کریں گے، انھوں نے خیالات کا اظہار زمبابوے سے وطن واپسی کے بعدکراچی ایئرپورٹ پرمیڈیا سے بات چیت میںکیا۔ معین خان نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ ہماری کارکردگی کا معیارکم ہوا ہے، کنڈیشنز ہمارے بجائے میزبان سائیڈ کے لیے زیادہ موزوں رہیں،ہم جو2 میچز (ون ڈے ،ٹیسٹ) ہارے ان میں ٹیم بہت بُرا کھیلی۔ دوسرے ٹیسٹ میں بیٹنگ بہتر نہیں تھی لیکن اس کے باوجود میں یہ ضرور کہوں گا کہ مجموعی طور پر ہماری کارکردگی اطمینان بخش رہی۔ معین خان نے ایک سوال پر کہا کہ ہم زمبابوے سے ٹیسٹ سیریز ہارے نہیں بلکہ برابر ہوئی، ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے میں ٹیم نے کامیابی حاصل کی، ایسی صورت میں ہمیں معافی مانگنے کی کیا ضرورت ہے۔ معین خان کو جب ٹیم منیجر مقرر کیا گیا تھا تو انھوں نے کہا تھا کہ ٹیم کے سب سے بڑے ناقد وہ خود ہوں گے مگر اب وہ بھی روایتی انداز میں اظہار خیال کر رہے ہیں، جب ان سے مخصوص کھلاڑیوں کی پرفارمنس کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا سب سے اہم بات یہ ہے کہ ان پلیئرز کے حوصلے پست نہیں کرنے چاہئیں بلکہ اعتماد میں اضافہ کرنا چاہیے۔محمد حفیظ کی ٹیسٹ میچز میں مایوس کن پرفارمنس کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ میں یہ تو نہیں کہوں گا کہ وہ مسلسل خراب کھیل رہا ہے، اس نے ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے میچز میں اچھی کارکردگی دکھائی لیکن ٹیسٹ میں بیٹنگ نہیں چل پائی، یہ بات ہمارے لیے بھی تشویش کا باعث ہے، محمد حفیظ ایک محنتی کھلاڑی اور مجھے یقین ہے کہ وہ جلد اپنی فارم حاصل کرلے گا۔ معین خان نے مصباح الحق اور یونس خان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیٹنگ لائن میں سینئرز نے اپنا کردارادا کیا، دوسرے ٹیسٹ میں بھی مصباح آخر تک کھڑے رہے مگر ان کا ساتھ دینے کے لیے کوئی نہیں تھا۔ معین خان نے کہا کہ اس ٹور میں نوجوان پلیئرز کو بھی مواقع دیے گئے، راحت علی نے اچھا پرفارم کیا۔ پلیئرز کی خامیوں کے بارے میں انھوں نے کہا کہ اس بارے میں بات کرنا میرا استحقاق نہیں مگر مسائل پر قابو پانے کے لیے ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور ضروری اقدام کریں گے، ویسے بھی جب آپ زمبابوے جیسی ٹیم سے ہاریں تو سیکھنے کو بہت کچھ ملتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.