سکھویندر نے نئے سال کے آغاز پر پاکستان آنیکا پروگرام بنالیا

بالی وڈ گلوکار سکھویندر نے نئے سال کے آغاز پر پاکستان آنے کا پروگرام بنا لیا۔ تفصیلات کے مطابق بالی وڈ کے معروف پلے بیک سنگر سکھویندر پاکستان میں بابا گرونانک کے جنم استھان سمیت دیگر مذہبی مقامات کی زیارت کرنے کے ساتھ داتا گنج بخش ؒ پر متھا ٹیکنے کی دیرینہ خواہش رکھتے ہیں۔انھوں نے گذشتہ روز ممبئی سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے بزرگوں کی لاہور اور ننکانہ صاحب سے بڑی یادیں وابستہ ہیں جہاں پر جلد سے جلد آنے کے لیے بے چین ہوں، حالانکہ مجھے متعدد مرتبہ پاکستان آنے کی دعوت دی گئی مگر ہمیشہ مصروفیت آڑے آئی۔سکھویندر نے کہا کہ تقریبا پوری دنیا کے ممالک کے دورے کرچکا ہوں ، مگر مجھے سب سے زیادہ خوشی پاکستان آنے پر ہوگی۔ جب کبھی پاکستان سے کوئی ٹیلیفون کال ، ای میلز یا ایس ایم ایس آتی ہے تو دلی طور سکون اور خوشی محسوس کرتا ہوں۔ سکھویندر نے کہا کہ خاص طور پر داتا کی نگری پر حاضری دینا سب سے بڑی تمنا ہے جس کے پورے ہونے کا بے چینی سے انتظار کر رہا ہوں ۔ جس دن میرا یہ خواب پورا ہوگیا تو میرا زندگی کا مقصد پورا ہوجائے گا۔ نئے سال کے شیڈول میں پاکستان آنے کا پروگرام شامل کرلیا ہے اس حوالے سے صرف تاریخ فائنل کرنی ہیں، انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فی الحال ابھی تک یہ دورہ نجی نوعیت کا ہے کوئی کاروباری مقاصد نہیں ۔

تبصرے بند ہیں.