سٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ میں پاکستان کی تیسری پوزیشن

فٹبال میں بڑے بڑے کچھ نہ کر سکے، پاکستانی بچوں نے میدان مار لیا۔ برازیل میں ہونے والے سٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ میں پاکستان نے امریکا کو ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کر لی، میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا۔

ریو ڈی جنیرو: () برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ہونے والے سٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ کے تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان اور امریکہ کی ٹیمیں مدمقابل ہوئیں۔ گرین شرٹس نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پہلا گول سکور کیا۔ جواب میں امریکہ کی ٹیم نے بھی گول داغ کر سکور ایک ایک سے برابر کر لیا۔ اسی برابری پر پہلے ہاف کا اختتام ہوا۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں پاکستانی کھلاڑیوں نے ایک گول سکور کرکے 1-2 سے برتری قائم کی۔ امریکی کھلاڑی بھی پیچھے نہ رہے اور آخری لمحات میں دوسرا گول کر کے میچ 2-2 سے برابر کر دیا۔ مقررہ وقت میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا۔ اضافی ٹائم دیئے جانے پر میچ فیصلہ کن نہ بن سکا۔ میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس پر کیا گیا جس میں پاکستان نے 2 کے مقابلے 3 گول سے کامیابی سمیٹی۔ سٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ ایونٹ میں پاکستانی بچوں کی کارکردگی شاندار رہی۔ گروپ تھری میں پاکستان کا افتتاحی مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوا۔ تیرہ صفر کی بھاری برتری کے ساتھ فاتحانہ آغاز کرنے والے قومی کھلاڑیوں کا خوب مورال بلند ہوا۔ کینیا کو دو صفر اور موریشیس کو تین صفر سے ہرانے کے بعد امریکا سے ان کا مقابلہ ایک ایک کی برابری پر ختم ہوا۔ کوارٹرز فائنل میں چھوٹوں نے بڑا کارنامہ کر دکھاتے ہوئے فلپائن کو تین دو سے زیر کر دیا۔ بدقسمتی سے ٹیم کو سیمی فائنل میں برونڈی سے چار تین کی ناکام ہوئی۔ پاکستانی فٹبالرز نے سیمی فائنل کی ہار کا بدلہ تیسری پوزیشن کے میچ میں امریکا سے لیا اور سنسنی خیز میچ میں تین دو کی فتح کے ساتھ سبز ہلالی پرچم بلند کیا۔

تبصرے بند ہیں.