سونے کی ریکارڈ طلب،6 ماہ میں قیمتیں25 فیصد بڑھ گئیں

لندن:  ورلڈ گولڈ کونسل ( ڈبلیوجی سی) نے کہا ہے کہ سونے کی طلب میں رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیاگیا،

اپریل سے جون تک سونے کی طلب 1050 ٹن تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کی اسی مدت سے 15فیصد زیادہ ہے۔ اس طرح رواں سال کی پہلی ششماہی میں سونے کی طلب 2335 ٹن ہو گئی جو دوسری بلند ترین سطح اور 2013 میں قائم ہونے والے 2371.5ٹن کے ریکارڈ کے قریب ہے۔ ڈبلیوجی سی کی جانب سے جاری کردہ گولڈ ڈیمانڈ ٹرینڈ رپورٹ کے مطابق دوسری سہ ماہی میں سرمایہ کاری طلب 141فیصد کے اضافے سے 448 ٹن رہی جبکہ جیولری طلب 14 فیصد گھٹ کر 444ٹن رہ گئی، ساتھ ہی مرکزی بینکوں کی جانب سے سونے کی خریداری میں بھی کمی آئی تاہم پہلی ششماہی میں سرمایہ کاری ڈیمانڈ ریکارڈ 1064 ٹن تک پہنچ گئی۔ واضح رہے کہ جغرافیائی سیاسی واقتصادی بدحالی کے دور میں ہمیشہ سونے کی طلب میں اضافہ ہوتا ہے کیونکہ سرمایہ کار سونے کو اپنے پیسے کے تحفظ کے لیے اہم خیال کرتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.