سورة اخلاص كی غلط تلاوت کرنے پراعتزاز احسن کی نااہلی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

اسلام آباد: سورة اخلاص كی غلط تلاوت کرنے پر پيپلز پارٹی كے مركزی رہنما اعتزاز احسن كی بطور سينيٹر نااہلی كے لئے سپريم كورٹ ميں درخواست دائر كر دی گئی۔ درخواست ڈاكٹر عابد رئوف اوركزئی نے ايڈووكيٹ طارق اسد كے ذريعے دائر كی ہے، درخواست ميں بيرسٹر اعتزاز احسن كی جانب سے سورة اخلاص كی غلط تلاوت سے متعلق خبروں كو بنياد بناتے ہوئے كہا گيا ہے كہ اعتزاز احسن كو اسلامی تعليمات سے مكمل آگاہی حاصل نہيں۔ درخواست ميں وفاق، چيف اليكشن كمشنر، چيئرمين سينٹ اور سينيٹر اعتزاز احسن كو فريق بنايا گيا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اچھی طرز حكمرانی اور جمہوريت كے لئے ضروری ہے كہ منتخب ہونے والے اراكين پارليمنٹ آرٹيكل 62 اور 63 پر پورا اترتے ہوں۔ درخواست ميں تجويز پيش كی گئی ہے كہ اعتزاز احسن سے كلمہ طيبہ، كلمہ شہادت اور نماز سنی جائے۔ درخواست گزار نے عدالت عظمیٰ سے استدعا كی ہے كہ اعتزاز احسن كو بطور سينيٹر نااہل قرار ديا جائے اور چيئرمين سينيٹ كو ہدايت كی جائے كہ وہ ان كی نااہلی كا ريفرنس آئين كے آرٹيكل 63 كی شق 2 كے مطابق چيف اليكشن كمشنر كو بھجوائيں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق صدر آصف علی زرداری کے صدارتی عہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد لاہور پہنچنے پر ان کے استقبالیے میں اعتزاز احسن نے انہیں اسٹیج پر مدعو کرتے ہوئے سورة اخلاص كی غلط تلاوت کی تھی، دوبارہ پڑھنے پر بھی وہ سورة کی صحیح تلاوت نہیں کرسکے تھے

تبصرے بند ہیں.