سنیل گواسکر نے پاک بھارت کرکٹ روابط کی بحالی دونوں ملکوں میں مذاکرات سے مشروط کردیا

شارجہ: بھارت کے مایہ ناز بلے باز سنیل گواسکر نے پاک بھارت کرکٹ روابط کی بحالی کو دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کی کامیابی سے مشروط کیا ہے

برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران سنیل گواسکر نے کہا کہ  کسی بھی مسئلے کا حل تلاش کرنے کے لیے بات چیت پہلا قدم ہے اور یہی کچھ پاک بھارت تعلقات میں بھی ضروری ہے، کوئی بھی کھیل اتنی طاقت نہیں رکھتا کہ حکومت کو اپنی رائے تبدیل کرنے پر مجبور کرسکے البتہ جب دو ملک کھیلتے ہیں تو یہ دیکھا جاتا ہے کہ دونوں جانب سے شائقین کتنے جوش وخروش کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور دونوں طرف کے شائقین کے درمیان رابطہ بھی حکومتوں کو اشارہ دیتا ہے کہ ان کا اگلا قدم کیا ہونا چاہیے۔

گواسکر نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ روابط کی بحالی کے لیے دونوں ملکوں کے مقبول سابق کرکٹرز کے بولنے سے بھی کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ جو بھی فیصلہ ہونا ہے وہ حکومتوں نے کرنا ہے۔ انھوں نے سارک ممالک کے آپس میں کھیلنے کی اہمیت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ جب یہ ممالک آپس میں کھیلیں گے تو اسی صورت میں برِصغیر کی کرکٹ مضبوط ہوگی اور اس کی سب سے بہتر جگہ ایشیا کپ ہے جس میں اس خطے کی تمام ٹیموں کو ایک ساتھ کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔ گاوسکر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کرکٹ کو اپنے ملک میں انٹرنیشنل مقابلے نہ ہونے کی وجہ سے نقصان ہورہا ہے، نوجوان نسل اپنے پسندیدہ کرکٹرز اور ہیروز کو اپنے سامنے کھیلتا ہوا نہیں دیکھ پا رہی ہے۔

تبصرے بند ہیں.