شارجہ ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلینڈ نے 4 وکٹوں پر222 رنز بنا لئے

شارجہ: تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنا لئے جب کہ اسے پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 12 رنز درکار ہیں۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک 222 رنز بنالئے جب کہ جیمز ٹیلر 74 اور جونی بریسٹو 37 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ میچ کے دوسرے روز کا کھیل شروع ہوا تو انگلش ٹیم نے 4 رنز بغیر کسی نقصان سے اننگز کا آغاز کیا تو کپتان السٹرکک صفر اور معین علی 4 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے لیکن 19 کے مجموعی اسکور پر معین علی کا سفر اختتام پذیر ہوا اور وہ 14 رنز بنانے کے بعد شعیب ملک کی گیند پر یونس خان کو کیچ دے بیٹھے۔ دوسری وکٹ پر کپتان السٹرکک اور این بیل نے محتاط انداز اپناتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا اور دونوں بلے بازوں نے 71 رنز کی شراکت قائم کی تو 90 کے مجموعے پر کک 49 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد جوئے روٹ بھی 4 رنز ہی بنا سکے اور این بیل 40 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 2 جب کہ شعیب ملک اور راحت علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 234 رنزبنا کر پویلین لوٹ گئی تھی۔ کپتان مصباح الحق 71 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ اظہر علی اورمحمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن اظہر علی تیسرے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے جیمز اینڈرسن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ محمد حفیظ اور شعیب ملک نے ٹیم کا اسکور 49 رنز پر پہنچایا تو حفیظ 27 کے انفرادی اسکور پر معین علی کی گیند پر کرس براڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

کھانے کے وقفے کے فوراً بعد شعیب ملک بھی 38 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ یونس خان کا سفر بھی 31 رنز تک محدود رہا۔ اسد شفیق 5 رنز بنا کر سمت پٹیل کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔ سرفراز احمد 39 کپتان مصباح الحق 71، یاسر شاہ 7، راحت علی 4 اور وہاب ریاض بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے جیمی انڈریسن نے 4، معین علی، سمت پٹیل اور اسٹارٹ براڈ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

تبصرے بند ہیں.