جیمز اینڈرسن پاکستان کے لئے مہلک ٹیسٹ بولر بن گئے

شارجہ: جیمز اینڈرسن پاکستان کیلیے سب سے مہلک ٹیسٹ بولر بن گئے، انھوں نے صرف 16.5کی اوسط سے 43شکار کیے ہیں، اس سے قبل کولن کرافٹ نے 19.53کی ایوریج سے 50وکٹیں حاصل کی تھیں۔

تفصیلات کے مطابق انگلش پیسر جیمز اینڈرسن پاکستان کیلیے سب سے مہلک بولر کے طور پر ریکارڈ بک کا حصہ بن گئے ہیں، انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں صرف 16.5 کی اوسط سے گرین کیپس کے 43 شکار کیے ہیں، اس سے قبل ویسٹ انڈین کولن کرافٹ نے 19.53 کی ایوریج سے 50 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ جیمز اینڈرسن نے تاریخ کے کامیاب ترین بولرز کی فہرست میں پانچویں پوزیشن پر قبضہ جمالیا ہے، ان کی وکٹوں کی تعداد 424 ہوچکی، پروٹیز شان پولاک نے 421 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

یوا ے ای میں سب سے زیادہ 60 میڈن اوورز کروانے والے پیسر کا اعزاز اسٹورٹ براڈ نے اپنے نام کرلیا ہے، جیمز اینڈرسن 56، دونوں نے یہاں 6،6 میچ کھیلے ہیں، یہاں 9 ٹیسٹ میں جنید خان 54 اور 10 ویں مقابلے میں شریک راحت علی 52 میڈن اوورز کرچکے۔ اسٹورٹ براڈ کی پرفارمنس میں 2002کے بعد تیسرا موقع تھا کہ کسی پیسر نے پہلے 10میں 8اوورز میڈن کیے، راحت علی نے نیوزی لینڈ کیخلاف گذشتہ سیریز میں اتنے ہی اوور میڈن کرائے تھے، مصباح الحق بطور کپتان کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ ففٹیز بنانے والوں کی فہرست میں چھٹے نمبرپر ہیں،انھوں نے شارجہ میں35 ویں نصف سنچری بنائی،گریم اسمتھ61، رکی پونٹنگ 54،ایلن بارڈر51،کلائیو لائیڈ41،اسٹیفن فلیمنگ 39 بار یہ سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔شارجہ کا میدان اوپنرز کیلیے ڈراؤنا خواب ثابت ہورہا ہے۔

تبصرے بند ہیں.