سنسنی خیز مقابلہ :بیلجیم نے دو ایک سے سپر پاور کو آوٹ کر دیا

فٹ بال ورلڈ کپ کے ناک آوٹ راونڈ میں امریکا کوایک سخت اور سنسنی خیز مقابلے میں دو ایک سے شکست دے کر بیلجیم کی ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی آٹھویں اور آخری ٹیم بن گئی ہے۔

سیلوا ڈور () مقابلہ مقررہ وقت میں بغیر کسی گول کے برابر رہا اور میچ کا فیصلہ اضافی وقت میں ہوا۔ سیلواڈور میں کھیلے جانے والے میچ میں بیلجیم کی ٹیم حاوی رہی اور اس نے دونوں ہاف میں امریکی گول پر کم از کم دس حملے کیے تاہم تجربہ کار امریکی کیپر ٹم ہاورڈ ہمیشہ ان کی راہ میں حائل رہے۔ اضافی وقت کے پہلے ہاف کے تیسرے منٹ میں بیلجیم کے کیون ڈی برائن آخرِ کار امریکی گول کیپر کو چکمہ دے کر گول کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ برتری حاصل کرنے کے بعد بیلجیم فارورڈز کے حملوں میں مزید تیزی آئی اور 105ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی یاکوکو نے گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری دوگنی کر دی۔ اضافی وقت کے پہلے ہاف کے خاتمے پر لگ رہا تھا کہ امریکاکے لیے میچ میں واپس آنا انتہائی مشکل ثابت ہوگا لیکن دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی امریکا کے انیس سالہ جولین گرین نے گول کر کے میچ میں پھر جان ڈال دی۔ تا ہم امریکی ٹیم نے میچ برابر کرنے کی کئی اچھی کوششیں کی لیکن کامیاب نہ ہو سکیں۔ بیلجیم کی دوگول کی یہ برتری میچ کے آخر تک قائم رہی اور وہ ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔ یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں دوسرا موقع ہے کہ بیلجیم نے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں جگہ بنائی ہے۔ آخری مرتبہ اس ٹیم نے 1986 میں اس مرحلے تک رسائی حاصل کی تھی اور اس ورلڈ کپ میں اس کا سفر سیمی فائنل میں ختم ہوا تھا۔ 2014 کے ورلڈ کپ میں اب بیلجیم کی ٹیم کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن کا مقابلہ کرے گی جس نے دوسرے راونڈ میں سوئٹزرلینڈ کو شکست دی ہے۔ –

تبصرے بند ہیں.