منافع خور رمضان میں بھی سرگرم ، پھل ،سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی

لاہور/اسلام آباد/ملتان/پشاور()رمضان المبارک میں حکمرانوں نے عوام کو منافع خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ، پھل تیس فیصد تک مہنگے ، آلو اسی اور پیاز 60 روپے میں فروخت ، بیسن نوے روپے کلو ہو گیا ، مٹن 800 اور چکن دو سو ستر روپے فی کلو تک پہنچ گیا۔

ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے ، حکومت گرانفروشوں کو لگام ڈالنے میں ناکام نظر آتی ہے ۔ اسلام آباد ، لاہور ، ملتان ، پشاور ، کراچی اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں سبزیاں اور پھل تیس فیصد تک مہنگے ہو گئے ہیں۔ دو روز پہلے تک 50 سے 60 روپے فی کلو فروخت ہونے والے آلو اب 80 روپے کلو تک بِک رہے ہیں ۔ پیاز کی قیمت بڑھ کر 40 سے 60 روپے جبکہ ٹماٹر 55 سے 75 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے ۔ لیموں 180 روپے فی کلو ، مٹر 160 اور ادرک 320 روپے فی کلو تک جا پہنچے ہیں جبکہ ہری مرچ کی قیمت 90 روپے فی کلو تک ہو چکی ہے ۔ اسی طرح فی کلو کدو، بھنڈی اور کریلے بھی 10 روپے سے 20 روپے مہنگے مل رہے ہیں۔سبزیوں کی طرح پھلوں کی قیمتوں کو بھی آگ لگ گئی ہے۔120 روپے کلو فروخت ہونے والا آم اب 140 روپے کلو مل رہا ہے جبکہ 120 روپے فی درجن بکنے والا کیلا اوسطاً 200 روپے جبکہ سیب 180 سے 200 روپے میں مل رہا ہے ۔ اسی طرح خوبانی 115 روپے جبکہ اوسط 120 روپے کلو بکنے والا کھجور 180 روپے تک جا پہنچا ہے ۔ رمضان سے پہلے بیسن کی قیمت 50 روپے سے 70 روپے فی کلو تھی جو اب بڑھ کر 70 روپے سے 90 روپے کلو ہو گئی ہے ۔ گوشت کے نرخ آسمان سے باتیں کر رہے ہیں،،مٹن 800 روپے،،بیف 450 سے 640 روپے جبکہ چکن 220 سے 270 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے اور دہی ساٹھ سے 80 جبکہ دودھ 50 کے بجائے ساٹھ روپے فی لٹر دستیاب ہے۔ –

تبصرے بند ہیں.