سلمان خان کی رومانیہ کی ماڈل گرل لولیا وینٹر سے شادی خبریں گردش کرنے لگیں

ممبئی: بالی ووڈ میں اپنے معاشقوں کے حوالے سے مشہور سپر اسٹار اداکار سلمان خان کی شادی کی خبریں ایک بار پھر گردش کرنے لگی ہیں تاہم دبنگ خان نے ان خبروں کو افواہ قرار دیا ہے۔

بالی ووڈ  کے دبنگ اسٹار سلمان خان کا کئی صف اول کی اداکاراؤں کے ساتھ طویل عرصہ معاشقہ رہا ہے جس میں ایشوریا رائے بچن، کترینہ کیف، ڈیزی شاہ ، سری لنکن حسینہ جیکولین فرنینڈس سمیت غیر ملکی اداکارائیں بھی شامل ہیں  جب کہ دبنگ خان نے کترینہ کیف کے علاوہ کسی بھی اداکارہ سے معاشقے سے ہمیشہ انکار ہی کیا ہے تاہم ایک بار پھر رومانیہ کی اداکارہ لولیا وینٹر سے ان کی منگنی اور شادی کی خبریں زبان زد عام ہورہی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان اور ان کی گرل فرینڈ رومانیہ کی ماڈل لولیا وینٹر نے خفیہ طور منگنی کرلی ہے اور اگلے سال دونوں شادی کی بندھن میں بندھ جائیں گے تاہم دبنگ خان نے ان خبروں کو افواہ قراردیتے ہوئے کہا کہ میری شادی کی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں ہے اور نہ ہی ان خبروں پر دھیان دیتا ہوں۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار سلمان خان 12 نومبر کو ریلیز ہونے والی اپنی نئی فلم’’پریم رتن دھن پایو‘‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں۔

تبصرے بند ہیں.