سعید اجمل کرکٹ میں واپس آئیں گے، مداح پراُمید

سعید اجمل پر آئی سی سی کی طرف سے پابندی عائد کئے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں نے اُمید ظاہر کی ہے کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آئیں گے۔

لاہور: () سوشل میڈیا پر بھی سعید اجمل پر آئی سی سی کی جانب سے لگائی گئی پابندی کے بعد بہت بے چینی اور غصہ نظر آیا۔ سعید اجمل کے بین ہونے پر شائقین نے ٹوئٹر پر جادوگر سپنر، دوسرا ایکسپرٹ سعید اجمل کا ٹرینڈ بنا ڈالا۔ ایک مداح نے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے پابندی کو بگ تھری کا تحفہ قرار دے دیا۔ کرکٹ لوورز کا کہنا ہے کہ سعید اجمل پر پابندی پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے ایک بڑا دھچکا ہے اور اس سے پاکستانی بالنگ اٹیک شدید دباؤ میں آ جائے گا۔ موجودہ دور میں کھیل کے تینوں فارمیٹ میں پاکستان کے کامیاب ترین سپنر کے چاہنے والوں کو اُمید ہے کہ سعید اجمل جلد ہی انٹرنیشنل کرکٹ میں کم بیک کریں گے۔ اس سے پہلے سابق کرکٹر ثقلین مشتاق نے بھی سوشل ویب سائٹ ٹوئٹر پر یقین دہانی کروائی کہ قومی آف سپنر کا بولنگ ایکشن درست کروانے کے لئے اگر ان کی خدمات کی ضرورت ہوئی تو وہ ہر صورت دستیاب ہوں گے۔ قومی ٹیم کے سابق کوچ ڈیو واٹمور نے بھی سعید اجمل کی پابندی کو مایوس کن قرار دیا ہے۔ ٹوئٹر پر انہوں نے پیغام تحریر کیا کہ انہیں اُمید ہے سعید اجمل اپنی بولنگ کو ورلڈ کپ 2015ء سے پہلے بہتر بنا لیں گے۔ دوسری جانب کرکٹ شائقین کی اپیل ہے کہ کرکٹ بورڈ فوری طور پر سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو درست کرنے پر توجہ دے تاکہ ورلڈ کپ میں پاکستان متاثر کن کارکردگی دکھا سکے۔ –

تبصرے بند ہیں.