سری لنکا نے پاکستان کیخلاف ٹی ٹونٹی میچوں کیلئے سکواڈ کا اعلان کر دیا

لاستھ ملنگا ٹیم کی قیادت کرینگے، سری لنکن ٹیم میں پانچ نئے کھلاڑی شامل، پہلا میچ 30 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا نے پاکستان کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لئے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں پانچ نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ 30 جولائی سے کھیلے جانے والی دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کیلئے فاسٹ بولر بنورا فرنینڈو، لیگ سپنر جیفری وینڈرسے، بلے باز شیہان جے سوریا، داسن شناکا اور دننجیا ڈی سلوا کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ سکواڈ میں حیران کن طور پر دنیش چندیمل اور لہیرو تھری مانے کو شامل نہیں کیا گیا جنہوں نے ایک روزہ میچوں کی سیریز میں نسبتاً بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ سکواڈ میں ایک حیران کن شمولیت نوان کولا سیکرا کی ہے جنہیں ایک روزہ سیریز کے لیے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا لیکن ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ چمارا کاپوگیدرا بھی ٹی ٹوئنٹی دستے میں شامل ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کی عالمی نمبر ایک ٹیم سری لنکا اور پاکستان کے درمیان دونوں ٹی ٹونٹی میچز کولمبو میں 30 جولائی اور یکم اگست کو کھیلے جائیں گے۔

 

تبصرے بند ہیں.