شنگھائی (نیٹ نیوز) چینی سائنسدانوں نے خون کا ایک ایسا ٹیسٹ (بلڈ ٹیسٹ) وضع کرلیا ہے جس کی مدد سے 5 مختلف اقسام کے سرطان کی نشاندہی، سرطان کی تشخیص کرنے والے مروجہ طریقوں کے مقابلے میں کئی سال پہلے ہی کی جاسکتی ہے۔تفصیلات کے مطابق، چین میں فوڈان یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے معدے، قولون، پھیپھڑوں، جگر اور غذائی نالی کے سرطانوں (کینسرز) کا کم از کم چار سال پہلے پتا لگانے کےلیے خون کا ایک ٹیسٹ وضع کرلیا ہے جس میں درست نتائج کی شرح 88 فیصد کے لگ بھگ ہے۔اس بلڈ ٹیسٹ کی بنیاد ’’ڈی این اے میتھائلیشن‘‘ کہلانے والے ایک حیاتی کیمیائی عمل پر ہے جس سے ڈی این اے میں کچھ خاص قسم کی تبدیلیاں ہوجاتی ہیں۔ آج سے ایک عشرہ پہلے یہ دریافت ہوا تھا کہ میتھائلیشن کی وجہ سے ڈی این اے میں معمول کی تبدیلیوں کے علاوہ بھی کچھ غیر معمولی تبدیلیاں واقع ہوتی ہیں جن کا پتا لگا کر، ممکنہ طور پر، مختلف امراض کی بہت پہلے پیش گوئی کی جاسکتی ہے۔
تبصرے بند ہیں.