سبی، ایف سی سے جھڑپ میں شر پسند کمانڈر سمیت 13 دہشت گرد ہلاک، 2 اہلکار شہید

کوئٹہ: سبی کے علاقے بھاگ میں فرنٹیئر کور بلوچستان(ایف سی) نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ اور ایف سی کی جوابی کارروائی میں13 شرپسند ہلاک اور 2 ایف سی اہلکار شہید ہوگئے۔ اتوار کو ایف سی کے ترجمان نے بیان میںکہا ہے کہ اطلاع ملنے پر فرنٹیئر کور نے اتوار کو صبح سبی کے علاقے بھاگ کے ایک گھر پر چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 60 لاکھ روپے سر کی قیمت کا حامل کمانڈر گلبہار سمیت 13 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ایف سی کے 2 جوان شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ زخمی کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والے دہشت گرد انتخابی جلسوں اور امیدواروں کے دفاتر پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گردوں نے3500 سے زائد گولیاں چلائیں۔ سرچ آپریشن کے دوران ایک رائفل جی تھری ، 4 عدد کے کے ، ایک عدد شارٹ گن ، ایک 7 ایم ایم رائفل اور 2 ہزار سے زائد رائونڈز برآمد کیے گئے۔ فرنٹیئر کور کے کامیاب آپریشن کے بعد دہشت گردوں کے تباہ شدہ ٹھکانے کو ڈپٹی کمشنر کے حوالے کردیا گیا۔ آئی جی ایف سی میجر جنرل عبیداللہ خان نے سبی اسکائوٹس کی کارکردگی کو سراہا اور فرنٹیر کور کے شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

تبصرے بند ہیں.