زامبیا میں سڑک کنارے پھینکی گئیں 27 تارکینِ وطن کی لاشیں برآمد

لوساکا: زامبیا کے دارالحکومت لوساکا کے شمال میں نگویرے کے علاقے میں سڑک کنارے سے 27غیر مقامی افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔مقامی پولیس کے ترجمان ڈینی مولے نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ ممکنہ طور پر ان افراد کی موت راستے میں دم گھٹنے سے ہوئی ہے۔ ان افراد کا تعلق ایتھوپیا سے تھا جو جنوبی افریقہ کیلئے ہجرت کر رہے تھے تاہم موت واقع ہونے کے بعد لاشوں کو سڑک کنارے پھینک دیا گیا۔جائے وقوعہ سے ایک زندہ بچ جانے والے شخص کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اسے بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ زندہ بچ جانے والے شخص کو ہانپنے ہوئے پایا گیا ہے جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ دیگر افراد کی موت بھی دم گھٹنے سے ہوئی ہے۔پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ اِن 28 افراد کی عمریں 20 سے 38 سال کے درمیان ہیں جنہیں نامعلوم افراد نے سڑک کنارے پھینک دیا تھا۔ لاشوں کو زیمبیا یونیورسٹی ٹیچنگ ہسپتال کے مردہ خانے میں پہنچا دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ زامبیاتارکین وطن کے لیے ایک ٹرانزٹ پوائنٹ ہے جہاں سے زیادہ تر افرادغیر قانونی طور پر جنوبی افریقہ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں اس سے قبل ہمسایہ ملک ملاوی میں حکام نے اکتوبر میں ایک اجتماعی قبر سے ایتھوپیا کے تارکین وطن کی 25 لاشیں دریافت کی تھیں۔

تبصرے بند ہیں.