تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چودھری نے الیکشن کمیشن کی تعریف کر دی اور کہا کہ تمام تر دباؤ کے باوجود جس طرح الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا گیا وہ قابلِ تعریف ہے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ ہم نے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو خط لکھا ہے کہ آپ نے آر اوز دینے سے جو انکار کیا ہے وہ مناسب نہیں، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ فیصلے پر نظر ثانی کریں۔فواد چودھری نے کہا کہ آر اوز سے انکار کرنا سپریم کورٹ کے حکم کے خلاف ہے، الیکشن کے لیے آر اوز کے طور پر جوڈیشل افسران دیئے جائیں، ہماری الیکشن کمیشن پر تنقید رہی ہے، عمران خان پر اس وقت 83 کیسز ہیں، کیسے ممکن ہے کہ ایک بندہ اتنے کیسز میں پیش ہو سکے۔رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ابھی اس خون کا حساب دینا ہوگا، عوام کی نظریں دو ہی اداروں پر ہیں، ایک سپریم کورٹ اور دوسرا الیکشن کمیشن، پی ٹی آئی کی قیادت پر جعلی مقدمات بنائے جا رہے ہیں، سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن سے درخواست کریں گے کہ سب کو یکساں موقع فراہم کیا جائے، الیکشن تو ہم نے لڑنا ہے۔فواد چودھری نے مزید کہا کہ جیسے الیکشن کمیشن نے تمام تر دباؤ کے باوجود الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا وہ قابلِ تعریف ہے۔
تبصرے بند ہیں.