انڈر 19 ٹرائنگولر سیریز کی ٹرافی بھارت نے اپنے نام کرلی

ڈارون: انڈر19ٹرائنگولر کرکٹ سیریز کی ٹرافی بھارت نے اپنے نام کرلی، فائنل میں آسٹریلیا کو بیٹنگ لائن کی بدترین ناکامی کے سبب 8 وکٹ سے ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈارون میں میزبان ٹیم 75 رنزپرڈھیر ہوگئی، دیپک ہودا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، بھارت نے 2 وکٹیں گنوا کر ہدف عبور کر لیا، اوپنر انکش بینز نے40 رنز کی اننگز کھیلی، ایونٹ میں ناقابل شکست بلو شرٹس کے کپتان وجے زول کو مجموعی پرفارمنس پر سیریز کا بہترین پلیئر چنا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فائنل میں بھی آسٹریلوی ٹیم بھارت کیلیے ترنوالہ ثابت ہوئی،کپتان وجے زول نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بولرز کو آزمایا جنھوں نے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے میزبان سائیڈ کو 24.4 اوورز میں 75 پر ٹھکانے لگا دیا، اوپنر میتھیو شارٹ نے سب سے زیادہ 25 رنز بنائے، دیپک ہودا نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ابھمنیو لامبا، چاما ملند اور کلدیپ یادیو نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔مہمان ٹیم نے آسان ہدف تک رسائی میں2 وکٹیں گنوائیں، اوپنر انکش بینز40 اور سنجو سیمسن20 ناٹ آؤٹ بناکر نمایاں رہے، کپتان وجے زول اس مرتبہ 9 رنز تک محدود رہے جبکہ اکھیل ہردواکر صفر کی خفت سے دوچار ہوئے، وجے کو شاندار مجموعی پرفارمنس پر پلیئر آف دی سیریز قرار دیاگیا، انھوں نے مجموعی طور پر 284 رنز اسکورکیے، آسٹریلیا کے 16 سالہ جیک ڈوران 195 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ دریں اثنا کرکٹ آسٹریلیا کے نیشنل ٹیلنٹ منیجر گریگ چیپل نے ڈارون میں سیریز کا بغور جائزہ لیا، وہ اپنی ٹیم کی غیرتسلی بخش پرفارمنس کے باوجود کئی مثبت پہلو دیکھ رہے ہیں۔ انھوں نے جیک ڈوران کو اچھا کرکٹر قرار دیا، وہ بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ کے ساتھ بائیں ہاتھ سے میڈیم پیس بولنگ بھی کرتے ہیں، چیپل نے کہا کہ لیفٹ ہینڈر بیٹسمین ڈوران میں مائیکل ہسی کی جھلک نظر آتی ہے، اسی طرح میتھیو شارٹ نے بھی متاثر کیا،آف اسپن بولنگ کے ساتھ وہ فیلڈنگ میں بھی نمایاں رہا، اسے کرکٹ وکٹوریہ نے پہلے ہی نئے سیزن کا معاہدہ دے رکھا ہے، انڈر 19 ورلڈ کپ آئندہ برس فروری میں یواے ای میں شیڈول ہے، اس سے قبل آسٹریلیا کی جونیئر ٹیم ستمبر میں چار ملکی سیریز میں حصہ لے گی، بھارت میں شیڈول ایونٹ کی دیگر سائیڈز جنوبی افریقہ اور زمبابوے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.