دہشت گردی اور انتہا پسندی نے ملکی معیشت تباہ کردی، وزیراعظم نواز شریف

اسلام آ باد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی نے ملکی معیشت تباہ کردی ہے۔ اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملائیشیا کے وزیر برائے حکومتی اصلاحات اور اعلیٰ سطح کا وفد خصوصی طور پر شرکت کی، اس موقع پر ملائیشین وزیر نے ملک میں 20 سال کے دوران ہونے والی ترقی کے خدوخال، اور بنیادی اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی، کابینہ کو ملائیشیا کی ایئرلائن سےمتعلق بھی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں پاکستان کوترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑاکرنے کے لیے ملائیشیا کے اصلاحاتی پرگروام کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ کابینہ نے کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے آرڈیننس کی منظوری بھی دے دی۔ وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کرپشن اورنااہلی سے پی آئی اے کوماہانہ 3.3 ارب کا نقصان ہورہا ہے، عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ درست جگہ استعمال ہونا چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے دنیا کی سرفہرست ایئر لائنزمیں شامل تھی، غلط مینجمنٹ اورسروسزکی عدم فراہمی سےاسے زوال آیا ہے، پی آئی اے کو ملائیشین ایئرلائنزسے سبق سیکھنا چاہیے۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک مشکل ترین دورسے گزررہا ہے، دہشت گردی اور انتہا پسندی نے ملکی معیشت تباہ کردی، ایسی صورت حال کو زیادہ دیر تک برداشت نہیں کیا جاسکتا، تمام وسائل بروئے کار لا کر نئے معاشی منصوبے شروع کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.